پاکستان :امریکہ کو کسی صورت اپنی سرزمین استعمال نہیں کرنے دیں گے , وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد ، 19جون :(اردودنیا/ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے بعد پاکستان سی آئی اے کو سرحد پار انسداد دہشت گردی کے مشنز کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی’بالکل‘ اجازت نہیں دے گا۔ ایک امریکی چینل کو انٹرویو میں جب میزبان نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ کیا آپ امریکی حکومت کو اجازت دیں گے کہ سی آئی اے یہاں پاکستان سے سرحد پار القاعدہ، داعش اور طالبان کے خلاف انسداد دہشت گردی کے مشن سر انجام دے سکے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی طرح کے اڈوں یا پاکستانی سرزمین سے افغانستان میں کسی بھی طرح کی کارروائی کی بالکل اجازت نہیں دیں گے۔امریکی ٹی وی چینل ایچ بی او کو پاکستان کے وزیراعظم کا دیا گیا یہ انٹرویو اتوار کی شام نشر کیا جائے گا۔فوجی اڈے امریکہ کی مجبوری کیوں ہیں؟ امریکی نیوز ویب سائٹ ’ایکسیوز‘ کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کو افغانستان میں انسداد دہشت گردی کے معیار اور انٹیلی جنس صلاحیتوں کے اہم سوال کا سامنا ہے کیونکہ 11 ستمبر تک امریکی افواج مکمل انخلا کے قریب ہوگی۔
بائیڈن انتظامیہ سینٹرل ایشیا سے بھی افغانستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کی انٹیلی جنس کے لیے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے لیکن یہ ایک مختلف وجہ سے پیچیدہ ہے وہ ممالک ولادیمیر پوتن کے اثر و رسوخ میں ہیں۔پاکستان سے ایک مشکل تعلق کے باوجود امریکہ نے ماضی میں پاکستانی سرزمین سے سینکڑوں ڈرون حملے اور سرحد پار انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں کی ہیں۔ لیکن عمران خان جنہوں نے سنہ 2018 میں اقتدار سنبھالا برملا امریکہ کو فوجی اڈے نہ دینے کا کہہ چکے ہیں۔



