شہر میں پولیس کا معقول بندوبست
پربھنی:(سید یوسف) پربھنی ضلع انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر لگائے گئے کرفیو کی وجہ سے ہفتہ (13 دسمبر) کی صبح سے ہی شہر کی سڑکیں سنسان دکھائ دی گئی ہیں۔شہر سمیت ضلع کے آٹھ تعلقہ جات میں گزشتہ کچھ دنوں سے کورونا وائرس کے پازیٹو مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا تھا ۔
جس کے سبب پربھنی ضلع کلکٹر دیپک مگڑیکر نے کورونا کی بڑھتی ہوئی زنجیر کو توڑنے اور مرض کے روک تھام کے لئے جمعہ (12 دسمبر) کی رات 12 بجے سے 15 مارچ کی صبح 6 بجے تک کرفیو کے نفاذ کا اعلان کردیا تھا –
شہریان نے کرفیو کے نفاذ پر رہائش گاہوں سے باہر نکلنے سے گریز کیا –
جس کے سبب سنیچر کی صبح سے ہی شہر کی سڑکوں پر بڑے پیمانے پر سناٹا چھایا ہوا پایا گیا۔ کرفیو کے نفاذ کے باعث آج ایک بھی کرانہ دکان سمیت دیگر دکانیں نہیں کھل سکیں ۔ تاہم ، کچھ سبزی فروشوں نے یونیورسٹی کے علاقے کالی کمان کے قریب سبزی کی دکانیں لگائ تھی۔ اسی طرح شہر کے کچھ علاقوں میں سبزی فروش سبزی فروخت کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں – شہر کے کالی کمان کے قریب واقع سبزی منڈی کھلی تھی –
تاہم صبح آٹھ بجے کے قریب نیا مونڈھا پولیس اسٹیشن کے معاون پولیس انسپکٹر آنند بنسوڈے نے اپنے پولیس عملے کے ہمراہ سبزی فروشوں کو وہاں سے فوراً ہٹادیا۔
اسی طرح ایس ٹی مہا منڈل نے بس اسٹینڈ سے بسوں کو بیرون مقامات کے لیے روانہ ہونے نہیں دیا ۔ جس کے سبب دیگر مقامات کو جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔
اسی طرح شہر کے تجارتی علاقے کرانتی چوک، سبھاش روڈ، چوک بازار ، گاندھی پارک ، کچھی بازار ، گجری بازار ، ملا مسجد، نارائن چال، اسٹیشن روڈ ،اسٹیڈیم مارکیٹ، شاہی کارنر، آزاد کارنر، گرینڈ کارنر، اپنا کارنر، قدیم مونڈھا علاقہ کے علاوہ دھار روڈ ممتاز نگر، سوپر مارکیٹ، کاریگاؤں روڈ، درگاہ روڈ، ساکھلا پلاٹ و دیگر علاقے مکمل طور پر کاروبار مکمل طور پر بند پائے گئے –
نیز کچھ چھوٹی گاڑیاں شہر کی اہم سڑکوں جیسے کارے گاؤں روڈ ، بسمت روڈ ، گنگاکھیڑ روڈ ، جنتور روڈ ، پاتھری روڈ پر آتے جاتے دیکھے گئے- آج کرفیو کے نفاذ کا پہلا دن تھا – جس میں شہریان اپنے اپنے رہائش گاہوں سے باہر نہیں نکل سکے –
وہی گھر میں رہنے کو ترجیح دی – مذکورہ کرفیو پیر بتاریخ 15 مارچ کی صبح 6 بجے تک جاری رہے گا – کرفیو کے باعث پولیس نے شہر میں جا بجا پولیس کے پوائنٹس تعینات کر دیے ہیں – جو بغیر کسی وجوہات کی بنا پر باہر گھومنے پھرنے والوں کے ساتھ سختی برتتے ہوئے دیکھے گئے – اسی طرح شہر میں نانل پیٹھ پولیس اسٹیشن ،نیا مونڈھا پولیس اسٹیشن اور کوتوالی پولیس اسٹیشن کے حد میں پولیس کی مسلسل گشت جاری تھی –
جہاں وہ بیکار پھرنے والے افراد کے ساتھ سختی سے نپٹنے ہوئے دیکھے گئے – بہر کیف شہریان کی جانب سے کرفیو کے نفاذ پر اچھا خاصا تعاون دیکھا گیا ہے -مذکورہ کرفیو کا نفاذ پیر 15 مارچ کی صبح 6 بجے تک جاری رہے گا – عیاں رہے کہ پولیس انتظامیہ کی جانب سے جمعہ کے روز شب نو بجے سے بازاروں میں دکانیں بند کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے پولیس گشت کررہی تھی – جس کے سبب سارے شہر میں شب نو بجے کے بعد سناٹا چھا گیا تھا –



