قومی خبریں

’پل بنائیے، دیوار نہیں‘ : دہلی کی سرحدوں پر پولیس کے انتظامات پرراہل گاندھی کامودی حکومت پر حملہ

’پل بنائیے، دیوار نہیں‘ : دہلی کی سرحدوں پر پولیس کے انتظامات پرراہل گاندھی کامودی حکومت پر حملہ

کانگریس

نئی دہلی : (اردودنیا.اِن) مرکز کے نئے زرعی قوانین کے خلاف کسان دو ماہ سے زیادہ دہلی کی مختلف سرحدوں پر مظاہرہ کر رہے ہیں۔ پولیس نے کسانوں کو روکنے کے لئے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کر رکھے ہیں۔ کانگریس نے آج اس کے لئے ایک بار پھر حکومت کو نشانہ بنایا۔ کانگریس سڑک سے لے کرپارلیمنٹ تک اور سوشل میڈیا پر حکومت کو گھیرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

منگل کو کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ حکومت کو دیواریں نہیں بلکہ پل تعمیر کرنے چاہئیں۔کانگریس کے رہنما نے اپنے ٹویٹ میں دہلی بارڈر پر پولیس کے سخت حفاظتی انتظامات کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ حکومت ہند پل بنائے ، دیوار نہیں۔پولیس نے غازی پور بارڈر ، سنگھو بارڈر اور ٹکڑی بارڈر پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔

سینئر کانگریس لیڈر ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے کسانوں کو دہلی کی سرحدوں پر ہراساں کیا جارہا ہے۔ ان کے مطالبات پر سب سے پہلے پارلیمنٹ میں تبادلہ خیال کیا جانا چاہئے۔ تشدد کا بہانہ بنا کر احتجاجی مہم کو توڑنے کے لئے کیلوں کا استعمال کیا جارہا ہے ،

گویا کوئی دشمن سامنے بیٹھا ہوا ہے۔ غرور اور ضد کی سیاست کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ کسانوں کی تحریک اور زرعی قوانین پر منگل کی صبح پارلیمنٹ میں ہنگامہ ہوا۔ راجیہ سبھا میں کانگریس کی زیرقیادت مختلف اپوزیشن جماعتوں نے کسانوں کے احتجاج کے معاملے پر ایوان میں فوری بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کیا ۔

ہنگامہ کی وجہ سے ایوان کچھ دیر کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے اپوزیشن کے اس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اراکین بدھ کے روز صدر کے خطاب پر اپنا نقطہ نظر پیش کرسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button