پنت اور اشون آئی سی سی مہینے کے بہترین پلیئر کے لئے نامزد

دبئی ( اردودنیا.اِن )ہندوستان کے سینئر آف اسپنر آر اشون اور وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نئے پلیئر آف دی منتھ کے ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔اشون اور پنت کے علاوہ ہندوستان کے محمد سراج اور ٹی نٹراجن بھی ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ ان سب نے آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز میں تاریخی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
آئی سی سی نے کہا کہ یہ ایوارڈ خواتین اور مرد کرکٹرز کو دیا جائے گا جنہوں نے سال بھر میں ہر فارمیٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔جنوری کے مہینے میں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ ، آسٹریلیائی بلے باز اسٹیو اسمتھ ، افغانستان کے رحمن اللہ گرباز ، جنوبی افریقہ کے ماریجانے کاپ اور نادین ڈی کلارک اور پاکستان کی ندا ڈار بھی اس دوڑمیں شامل ہیں۔آئی سی سی نے ایک ریلیز میں کہا ہے کہ شائقین کو ہر ماہ آن لائن ووٹ ڈالنے کی دعوت دی گئی ہے۔
آن لائن ووٹنگ کے علاوہ آزادانہ آئی سی سی رائے ووٹنگ اکیڈمی بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں سابق کھلاڑی ، براڈکاسٹر اور صحافی شامل ہوں گے۔آئی سی سی کے جنرل منیجر جیف الارڈائس نے کہا کہ ماہ کے بہترین پلیئر کا آئی سی سی ایوارڈ شائقین سے رابطہ قائم کرنے کا سنہری موقع فراہم کرے گا جو اس انداز میں اپنے پسندیدہ کرکٹر کی کارکردگی کی تعریف کرسکیں گے ۔
ہر زمرے کے لئے تین نامزدگیوں کا فیصلہ آئی سی سی کی ایوارڈ نامزدگی کمیٹی کرے گی۔ ووٹنگ اکیڈمی ای میل کے ذریعے اپنے ووٹ ڈالے گی جو کل ووٹوں کا 90 فیصد ہوگا۔ ماہ کے پہلے دن آئی سی سی کے ساتھ رجسٹرڈ شائقین آئی سی سی کی ویب سائٹ پر اپنے ووٹ ڈال سکیں گے جو کل ووٹوں کا دس فیصد ہوگا۔



