چنڈی گڑھ:(اردودنیا.اِن)پنجاب حکومت نے رات کے وقت ریت کی کان کنی پر پابندی عائد کردی۔یہاں جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ امریندر سنگھ نے پولیس اورانفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (مائننگ) کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے پر منعقدہ جائزہ میٹنگ میں رات کے وقت کان کنی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں۔حکومتی بیان کے مطابق سنگھ نے کان کنی کے محکمہ سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ شام کے 7.30 سے صبح 5 بجے تک کوئی بھی ٹھیکیدار دریاپر کان کنی نہیں کرے گا۔
انہوں نے اس ہدایت کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیتے ہوئے کہاہے کہ اگر کوئی افسر یا پولیس اہلکارغیرقانونی کان کنی میں مدد فراہم کرتا ہے تو اس کے ساتھ بھی سختی سے نمٹا جانا چاہیے۔تاہم وزیراعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ ریاست میں جاری تعمیر کے پیش نظر رات کے وقت ریت اور بجری کی آسانی سے نقل و حمل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدانہیں کی جانی چاہیے۔



