
پونے میونسپل کارپوریشن کا نیا قانون : اگر کورونا سے گھر پر ہوئی موت تو اہل خانہ کو خود سنبھالنی ہوگی لاش
ممبئی: (اردودنیا.اِن)پونے کورونا سے اپنے گھر پر جان گنوانے والے لوگوں کے لواحقین کو مریض کی لاش کو خود سنبھالنا ہوگا۔ پونے میونسپل کارپوریشن نے ایک نیا قانون بنایا ہے ، جس کے تحت کوویڈ مریضوں کے لواحقین کو ہی مریض کی گھر میں موت ہونے کی صورت میں لاش کو انتظامیہ کے حوالے کرنے تک ساری عمل خود مکمل کرنا ہوگا ۔میونسپل کارپوریشن نے کووڈ مریض کی گھر میں موت واقع ہونے پر لواحقین سے لاش کو سنبھالنے کو کہا ہے۔
اس کے لئے وارڈ افسران کی جانب سے رشتہ داروں کو باڈی بیگ اور چار پی پی ای کٹس دی جائیں گی۔ لواحقین کو ایک کٹ پہن کر لاش کو باڈی بیگ میں رکھنا پڑے گا اور پھر اسے گاڑی میں رکھنا ہوگا۔وین پر کال کرنے کے لئے تین نمبر جاری کیے گئے ہیں – 02024503211 ، 02024503212 اور 9689939628۔ ان نمبروں پر کال کرکے وین بلائی جاسکتی ہے۔
اس کے علاوہ کچھ کاغذی کارروائی بھی کی جائے گی۔ گھروالوں کو کو 4A سرٹیفکیٹ اور فارم 2 بھرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ انہیں اپنے آدھار کارڈ کے ساتھ ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کا آدھار کارڈ بھی مہیا کرنا ہوگا۔ وہ یہ سب کچھ پی ایم سی کے 115.124.100.249:8093 لنک پرسب شیئر کرسکیں گے۔
انہیں میڈیکل آفیسر یا فیملی ڈاکٹر سے 4 اے سرٹیفکیٹ ملے گی ۔واضح رہے کہ یہ تبدیلی اس وقت ہوئی ہے جب بدھ کے روز پونے میں کوویڈ کے سب سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ پونے مہاراشٹر کا واحد ضلع ہے جہاں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ کیے جارہے ہیں۔
مہاراشٹر میں کورونا کے کل کیسز میں 21 فیصد یہیں سے ہیں، پورے ملک میں 11.82 فیصد کیسز پونے سے ہیں۔جمعرات کو پونے میں کورونا کے 8553 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 31 اموات ہوئیں۔



