
بھوپال:(اردودنیا.اِن)ملک کا سب سے مہنگا پٹرول-ڈیزل مدھیہ پردیش (ایم پی) اور راجستھان میں فروخت ہورہا ہے۔ ریاستوں میں تیل کی اوسط قیمت کے تناظر میں ایم پی سب سے آگے ہے۔ 26 فروری کو پیٹرول کی اوسط قیمت 98.96 روپے تھی ، جو ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ کچھ ہمسایہ ریاستوں میں پٹرول کی اوسط قیمت 90 روپے سے کم ہے۔
پٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے صدر اجے سنگھ کے مطابق یوپی میں پیٹرول اوسطا 89.13 روپے فی لیٹر فروخت ہوا۔ جب کہ پٹرول کی قیمت چھتیس گڑھ میں 89.39 روپے ، گجرات میں 88.88 روپے اور انڈومان میں 76.54 روپے تھی۔یم پی میں کئی شہروں میں پٹرول 100 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گیا ہے۔ انوپ پور میں پٹرول 101.59 روپے پر پہنچ گیا ہے۔
اسی کے ساتھ ہی ریوا میں101.25 روپے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔ دارالحکومت بھوپال میں یہ 99.21 روپے ہے۔ایم پی میں 33فیصدویٹ وصول کیا جارہا ہے۔ یہ منی پور ، تلنگانہ اور راجستھان کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ 2019-20 میں ریاستی حکومت نے پیٹرول پر VAT کے ذریعے 10720 کروڑ روپے کمائے۔ اسی طرح دسمبر 2020-21 تک 8038 کروڑ کمائے جا چکے ہیں۔
خیال رہے کہ ایم پی میں ایک لیٹر پٹرول پر لگ بھگ 23 روپے ویٹ وصول کیا جارہا ہے۔ایم پی کے بیشتر پٹرول پمپ دوسری ریاستوں کی سرحد کے قریب ہیں ، ان میں سے بیشتر بند ہونے کے دہانے پر ہیں۔اس کی وجہ یہ ہے کہ گاڑی مالکان اور ڈرائیورکو مدھیہ پردیش کے بجائے اترپردیش ، چھتیس گڑھ اور گجرات سے پیٹرول لینا سستا ثابت ہو رہا ہے۔



