چیف منسٹر کی انتخابی مہم میں مصروف قائدین سے مشاورت، 18 مارچ کو اعلانات متوقع
تلنگانہ: (اردودنیا.اِن)چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گریجویٹ اسمبلی حلقوں کی انتخابی مہم میں مصروف قائدین سے کہا کہ سرکاری ملازمین و بیروزگار گریجویٹس کی تائید ٹی آر ایس کو حاصل ہوگی کیونکہ حکومت نے ملازمین کیلئے قابل لحاظ فٹمنٹ اور وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں تین سال اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ 50,000 سرکاری جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کیا گیا جس سے پارٹی کو یقین ہے کہ گریجویٹس کی تائید ٹی آر ایس امیدواروں کے ساتھ رہے گی ۔
14 مارچ کو انتخابات کے سلسلہ میں ٹی آر ایس نے سرکاری ملازمین و گریجویٹس پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ چیف منسٹر نے ملازمین کی مختلف تنظیموں کے قائدین سے مشاورت کی اور انتخابات کے فوری بعد پی آر سی سفارشات پر عمل آوری کا وعدہ کیا ۔ چیف منسٹر کے تیقن کے بعد سے سرکاری ملازمین کی تنظیموں نے ٹی آر ایس امیدواروں کی کھل کر تائید کا اعلان کیا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر روزانہ دو مرتبہ دونوں حلقہ جات میں مصروف وزراء اور قائدین سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ انتخابی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ وزراء ، ارکان اسمبلی اور قائدین نے آخری مرحلہ کی انتخابی مہم کے دوران سرکاری ملازمین اور تقررات سے متعلق اعلانات کی بڑے پیمانہ پر تشہیر شروع کی ہے ۔ پی آر سی نے 7.5 فیصد فٹمنٹ کی سفارش کی تھی لیکن کے سی آر نے 29 فیصد فٹمنٹ کا تیقن دیا ہے ۔ اس کے علاوہ وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر 61 سال کی جائیگی ۔
بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر 18 مارچ کو قانون ساز اسمبلی میں یہ اعلانات کریں گے ۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے پیش نظر رائے دہی سے قبل اعلانات ممکن نہیں ہے۔ پارٹی ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے دونوں حلقہ جات کی انتخابی مہم کی کمان سنبھال لی اور وہ وزرا اور عوامی نمائندوں سے ربط میں ہیں۔ پارٹی کو یقین ہے کہ ملازمین اور گریجویٹ رائے دہندوں کی تائید کے نتیجہ میں دونوں امیدوار کامیابی حاصل کریں گے ۔
پارٹی کے سینئر قائد نے بتایا کہ ایمپلائیز یونینوں کے ساتھ چیف منسٹر کے اجلاس کے بعد صورتحال تبدیل ہوچکی ہے اور ملازمین کی تنظیمیں ٹی آر ایس کے حق میں انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔ تنظیموںکی جانب سے مختلف اضلاع میں چیف منسٹر کی تصویر کو دودھ سے نہلانے کا پروگرام کیا گیا ۔




