راجستھان:(اردودنیا.اِن) راجستھان میں چتوڑ گڑھ کے ضلع اسپتال میں کورونا کا علاج کروارہے پانچ زیر التوا قیدی آج صبح سویرے فرار ہوگئے۔صدر تھانہ انچاج درشن سنگھ نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ جیل میں چار دن قبل کچھ قیدیوں کے کورونا سے متاثر ہونے پر انہیں علاج کے لئے ضلع اسپتال میں تیسری منزل پر بنے آئسولیشن وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا۔
صبح سویرے تقریباً چار پانچ بجے ان میں سے پانچ قیدی وارڈ سے نکل کر چھت تک پہنچے اور چھت پر لگے لوہے کے دروازے کو نیچے سے موڑ کر چھت کے راستے نیچے اترکر فرار ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ جیل انتظامیہ سے خبر ملتے ہی پورے شہر میں ناکہ بندی کرواکر انہیں تلاش کیا جارہا ہے۔
تمام فرار قیدی مقامی ہیں جن میں سے تین قیدی پاکسو ایکٹ میں، ایک عصمت دری اور ایک دیگر معاملہ میں جیل میں بند تھے۔ صدر تھانہ میں فرار قیدیوں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے



