
چھتیس گڑھ: سات سال کی بچی کا عصمت دری کے بعد قتل،نندگاؤں : 15 سالہ نابالغ لڑکی کے ساتھ مبینہ عصمت دری کا معاملہ
رائے پو:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)چھتیس گڑھ کے ضلع بلودا بازار میں ایک سات سالہ بچی کو عصمت دری کے بعد اس کوقتل کردیا گیا۔ بچی کے لاپتہ ہونے کے بعد اس کے والدین نے دو دن پہلے ہی شکایت درج کرائی تھی۔ بدھ کے روز کنویں سے لاش برآمدہوئی ۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں لڑکی کے ساتھ عصمت دری کی تصدیق ہوئی ہے۔ ڈسٹرکٹ اے ایس پی نویدیتا پال نے کہا ہے کہ اس معاملے میں کچھ مشتبہ افراد کو پولیس نے حراست میں لیا ہے۔
چھتیس گڑھ کے ضلع راج نندگاؤں میں بھی 15 سالہ نابالغ لڑکی کے ساتھ مبینہ عصمت دری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ راج نندگاؤں ضلع کی پولیس سپرنٹنڈنٹ پرگیہ میشرم نے بتایا کہ ضلع چیخلی پولیس چوکی کے علاقے میں ایک نابالغ کے ساتھ عصمت دری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
میشرم نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی ہے کہ پانچوں ملزم نابالغ بچی سے رابطے میں تھے اور گذشتہ ایک سال کے دوران انہوں نے اسے ڈرا دھمکا کر مبینہ طور پر اس کے ساتھ عصمت دری کی اور اس دوران ملزم نے بچی کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔
پولیس افسر نے بتایا کہ جب لڑکی نے گھر والوں کو اس معاملے سے آگاہ کیا تو بدھ کے روز اس کی والدہ نے ملزم کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج کرایا۔ میشرم نے بتایا کہ مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے تمام ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔



