
میری ابتدائی تحریک میں سے ایک تحریک آزادیٔ بنگلہ دیش تھی : پی ایم مودی
ڈھاکہ:(اردودنیا.اِن)وزیر اعظم نریندر مودی ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کی 50 سالہ آزادی کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کر رہے ہیں۔ مودی دو روزہ دورے پر آج صبح بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ پہنچے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ یہ خوش آئند اتفاق ہے کہ بنگلہ دیش کی آزادی کے 50 سال اور ہندوستان کی آزادی کے 75 سال ایک ساتھ آئے ہیں۔
ہم دونوں کے لئے اکیسویں صدی میں اگلے 25 سال کا سفر بہت اہم ہوگا۔پی ایم مودی نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ بنگلہ دیش کے لاکھوں لوگوں نے اپنے ملک ، اپنی زبان ، ثقافت اور آزادی کے لئے ان گنت مظالم برداشت کیے ہیں ، اپنی جانیں داؤ پر لگا ئی ہیں ۔بنگلہ دیش کی آزادی کی جدوجہد میں شامل ہونا میری زندگی کی پہلی تحریکوں میں ایک تحریک تھی۔ مودی کے مطابق جب میں اور میرے کئی ساتھیوں نے بنگلہ دیش کی آزادی کے لئے ستیہ گرہ کیا تھا تو میں اس وقت 20-22 سال کاتھا
Landed in Dhaka. I thank PM Sheikh Hasina for the special welcome at the airport. This visit will contribute to even stronger bilateral relations between our nations. pic.twitter.com/oWFydFH2BG
— Narendra Modi (@narendramodi) March 26, 2021
آج ہندوستان اور بنگلہ دیش دونوں کی حکومتیں اس کی حساسیت کو سمجھ رہی ہیں اور اس سمت میں بامقصد کوششیں بھی کررہی ہیں۔ مودی نے کہا ہم نے یہ ظاہر کیا ہے کہ باہمی اعتماد اور تعاون سے ہرمسئلہ کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ ہماراسرحدی سمجھوتہ بھی اس کا گواہ ہے۔یہ ایک خوشگوار اتفاق ہے کہ بنگلہ دیش کی آزادی کے 50 سال اور ہندوستان کی آزادی کے 75 سال ایک ساتھ آئے ہیں۔ ہم دونوں کے لئے اکیسویں صدی میں اگلے 25 سال کا سفر بہت اہم ہے ،
ہمارا ورثہ بھی مشترکہ ہے ، ہماری ترقی بھی مشترکہ ہے۔بنگالی عوام اور ہم ہندوستانی کیلئے’ بنگ بندھو ‘شیخ مجیب الرحمن امید کی کرن تھے۔ ’بنگ بندھو ‘ شیخ مجیب الرحمن کے حوصلے اوران کی قیادت نے فیصلہ کرلیا تھا کہ کوئی بھی طاقت بنگلہ دیش کے عوام کو غلام نہیں بنا سکتی ہے۔آج میں ہندوستانی فوج کے بہادر سپاہیوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جو بنگلہ دیش کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہوکر آزادی سلب کرنے والوں کے خلاف (پاکستانی فوج کیخلاف) کھڑے ہوئے ، قربانی دی اور بنگلہ دیش کی آزادی کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے میں بہت بڑا رول ادا کیا ۔
پی ایم مودی نے کہا کہ صدر عبدا لحامد، وزیر اعظم شیخ حسینہ جی اور بنگلہ دیش کے شہریوں سے اظہار تشکر کرتا ہوں کہ ان شاندار لمحوں میں شرکت کے لئے بھارت کو والہانہ دعوت دی ۔



