منگلورو: (اردودنیا.اِن)کرناٹک کے منگلورو میں ایک 23 سالہ شخص کو بے دردی سے مارا پیٹا اور پھر چاقو سے زخمی کردیاگیا ۔ اس نوجوان کا قصور یہ تھا کہ وہ دوسرے مذ ہب کی ایک لڑکی کے ساتھ بس میں سفر کر رہا تھا۔ اس واقعے کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے منگلورو پولیس کمشنر ششی کمار نے بتایا کہ منگلورو شہر کے مضافات میں رات ساڑھے نو بجے کے قریب بس کو روکا گیا اور نوجوان اور لڑکی ، جو ہم جماعت اور دوست ہیں ، دونوں کو نیچے سے اتار ا ۔پھر بھیڑ نے مل کر اس کی پٹائی کی ،
جب لڑکی نے بچانے کی کوشش کی ، تو اسے بھی پیٹا گیا ۔پولیس کمشنر نے کہا کہ اس سلسلے میں 7 یا 8 افراد پولیس کی تحویل میں ہیں۔ اس معاملے میں بجرنگ دل سے وابستہ چار دیگر افراد کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چار افراد کار سے آئے تھے اور انہوں نے بس کو روک کر لڑکے کی پٹائی کی اور پیٹھ میںچھری گھونپ کر زخمی کیا۔ وہ اسپتال میں داخل ہے ، لیکن اس کی حالت مستحکم ہے۔
پولیس نے بتایا کہ لڑکی بنگلور جارہی تھی اور اس کا دوست اس کے تعاون کے لئے جارہا تھا کیونکہ وہ اس شہر سے ڈھنگ سے واقف نہیں تھی، وہ دونوں ہم جماعت ہیں۔ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ وہ کئی سالوں سے متأثرہ لڑکے کو جانتی ہے۔
اس معاملے میں پولیس نے ملزمین کے خلاف اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے، معاملہ کی تفتیش کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ پولیس یہ بھی جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ ملزمین کو نوجوان کی بس میں موجودگی کی اطلاع کس نے دی ۔



