بین ریاستی خبریں

کرونا ختم ہونے کی بات کرکے ماسک نہ لگانے والے بھاجپا ممبراسمبلی کی کرونا سے موت

لکھنؤ:(اردودنیا.اِن)کورونا کو ہلکا لینا مہلک ہوسکتا ہے، یوپی کے بریلی میں نواب گنج اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے ممبر اسمبلی کیسر سنگھ گنگوار کی موت لوگوں کے لئے ایک سبق ہے۔کیسر سنگھ 28 اپریل کو کرونا انفیکشن کی وجہ سے انتقال کرگئے۔ نیوز چینل کا ایک ویڈیو وائرل ہورہا ہے ، ویڈیو اس وقت کی ہے جب کیسر سنگھ اسمبلی پہنچے تھے، رپورٹر نے ایم ایل اے سے پوچھا کہ کرونا کا وقت ہے اور آپ نے ماسک بھی نہیں لگایا ہے۔

اس کے جواب میں ، ایم ایل اے نے کہا کہ ’ماسک ؟ اب کووڈ ختم ہوچکا ہے۔یہ کہہ کر وہ موبائل پر بات کرتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔10 اپریل کو انہیں بریلی کے رام مورتی میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ، جب کیسر سنگھ گنگوار کی حالت اچانک خراب ہوگئی۔ ان کی کورونا رپورٹ بھی پازیٹو آئی۔ کنبہ کا الزام ہے کہ کیسر سنگھ کو 24 گھنٹوں تک آئی سی یو بیڈنہیں مل سکا، اس لئے انہیں نوئیڈا کے یتھارتھ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

وہاں علاج کے دوران کیسر سنگھ کی موت ہوگئی۔ایم ایل اے کے بیٹے وشال گنگوار نے بھی یوگی حکومت پر سوال اٹھایا ہے ،انہوں نے کہاکہ یوپی حکومت اپنے ہی ایم ایل اے کا بہتر علاج نہیں کراسکے ۔ وشال نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ آفس کو بار بار فون کرنے کے بعد بھی کوئی فون نہیں اٹھا رہا ہے۔

کرونا پازیٹو ہونے کے بعد کیسر سنگھ نے 18 اپریل کو مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کو ایک خط لکھا۔ جس میں لکھا گیا تھا کہ ان کا علاج بریلی کے شری رام مورتی میموریل ہسپتال میں کیا جارہا ہے۔خیال رہے کہ اب تک اترپردیش میں کورونا سے بی جے پی کے 3 ایم ایل اے اور 2 وزراء کی موت ہوچکی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button