
کرونا کی بدترین مار سے دوچار ہندوستان کیلئے : چین ،فرانس، پاکستان کے بعد آسٹریلیا نے بھی بڑھایا دست ِ تعاون
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)کئی ممالک نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدید ستم خیزی کا سامنا کر رہے ہندوستان کے لئے مدد کا اپنا ہاتھ بڑھایا ہے۔ان میں سے ایک آسٹریلیا بھی ہے جس نے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ آسٹریلیائی وزیر اعظم نے ہفتہ کے روز کہا کہ آسٹریلیا کورونا کی دوسری لہر کے بحران میں بھارت کے ساتھ کھڑا ہے۔ آسٹریلیائی وزیر اعظم نے کہا کہ چونکہ ہندوستان کرونا کی دوسری لہر کا سامنا کرنا پڑر ہا ہے ، ایسی کیفیت میں آسٹریلیا بھارت کے ساتھ کھڑا ہے۔
آسٹریلیائی وزیر اعظم کے مطابق ہم جانتے ہیں کہ ہندوستانی قوم مضبوط اور لچکدار ہے۔ پی ایم نریندر مودی اور میں شراکت میں اس عالمی چیلنج پر کام جاری رکھیں گے۔واضح ہو کہ اس سے قبل چین ، پاکستان ، فرانس سمیت کئی ممالک نے ہندوستان کی مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ فرانسیسی صدر نے جمعہ کے روز کہا تھا کہ کرونا کے باعث مشکلات کا سامنا کررہے ہندوستان کے عوام سے اظہار یکجہتی پیش کرتا ہوں، اس مشکل گھڑ ی میں فرانس آپ کے ساتھ ہے۔
ہم مدد فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔وہیں پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے ہفتے کے روز ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں ہندوستانی عوام سے اظہار یکجہتی پیش کرتا ہوں ،کیونکہ وہ کرونا کی خطرناک لہر کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ ہمارے پڑوس اور دنیا میں تمام لوگوں کو وبائی مرض میں متحد ہوکر چیلنج کا سامنا کریں ۔



