نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے کسانوں کو ایک بار پھر مرکز اور کسان تنظیموں کے مابین زرعی قوانین کے بارے میں بات چیت کی تجویز پیش کی ہے۔ تومر نے کہاہے کہ کسانوں کے ذہن میں کوئی عدم اطمینان نہیں ہے ، حکومت کسانوں کی تنظیم سے بات چیت کے لیے تیار ہے ۔میں کسان تنظیموں سے گزارش کروں گا کہ وہ اپنا احتجاج ملتوی کردیں ، اگر وہ مذاکرات کے لیے آئیں تو حکومت ان سے بات کرنے کے لیے تیارہے۔
وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے کہا ہے کہ زراعت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال اور حل کرنا حکومت کا ہمیشہ ہی مقصد رہا ہے۔ زرعی اصلاحات سے متعلق بل کو اچانک ملک میں نہیں لایا گیا ، اس پر ملک میں ایک طویل عرصے سے بحث ہورہی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی یہ قوانین لے کر آئے ہیں۔ہزاروں کسان تنظیمیں ، معاشی ماہرین اور معاشرے کے مختلف طبقات ان زرعی اصلاحات کا خیرمقدم کررہے ہیں۔کچھ لوگ ان کی مخالفت کر رہے ہیں ، لیکن ہم ایک جمہوری ملک ہیں ، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کا حل نکالیںگے ، اگرکسان یا اگر ان کے ذہنوں میں کوئی شبہ ہے۔



