الور:(اردودنیا.اِن)زرعی قوانین کیخلاف ملک کے مختلف علاقہ جات کا دورہ کر رہے بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) کے لیڈراور ترجمان راکیش ٹکیت کے قافلہ پر حملہ کی اطلاع ہے۔ راکیش ٹکیت نے اس کا بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کے غنڈوں نے ان پر حملہ کیا ہے۔راکیش ٹکیت نے حملہ کی اطلاع اپنے ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعہ دی ۔
https://twitter.com/RakeshTikaitBKU/status/1377942417026940928
انہوں نے کہا کہ راجستھان کے الور ضلع کے تتار پور چوراہا، بانسور روڈ پر بی جے پی کی غنڈوں نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا ہے۔ راکیش ٹکیت نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کیاہے ، جس میں ایک کالے رنگ کی گاڑی نظر آ رہی ہے جس کے شیشے ٹوٹے ہوئے ہیں۔ ویڈیومیں ایک شخص کی آوازبھی آ رہی ہے، جو حملہ کے لئے بی جے پی اور پی ایم مودی کو مورد الزام ٹھہرا رہا ہے۔ موقع پر کافی بھیڑ ہے، اور ٹکیت کے حامی حملہ کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں۔



