چندی گڑھ: (اردودنیا.اِن) پنجاب کابینہ نے بدھ کے روز ایک اسکیم منظور کی جس کے تحت خواتین کو ریاست کے اندر تمام سرکاری بسوں میں مفت سفر کرنے کی سہولت ملے گی۔ حکومتی بیان کے مطابق وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ نے 5 مارچ کو اسمبلی میں مفت سفری اسکیم کا اعلان کیاتھا۔ اس سے ریاست بھر میں 1.31 کروڑ سے زیادہ خواتین / لڑکیوں کو فائدہ ہوگا۔
خواتین اب سرکاری بسوں میں مفت بس سفر حاصل کرسکیں گی جن میں پنجاب روڈ ویز ٹرانسپورٹ کارپوریشن (پی آر ٹی سی) ، پنجاب روڈ ویز بسیں اور بلدیاتی اداروں کے زیر انتظام سٹی بس کی سفری خدمات شامل ہیں، تاہم یہ اسکیم سرکاری ملکیت کی اے سی بسوں ، وولوو بس اور ایچ وی اے سی بسوں پر لاگو نہیں ہے۔
اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لئے ضروری دستاویزات جیسے آدھار کارڈ ، ووٹر کارڈ یا پنجاب میں رہائش کا کوئی دوسرا ثبوت درکار ہوگا۔ مزید برآں وہ تمام خواتین جو ریاستی سرکاری ملازمین کے کنبہ کی ممبر ہیں اور چندی گڑھ کی ہیں ، یا وہ خود ریاستی سرکاری ملازم ہیں، لیکن چندی گڑھ میں رہتی ہیں ، وہ اس کا فائدہ اٹھاسکتی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اسکیم سے توقع ہے کہ روزانہ آمدورفت کی لاگت کے سبب نہ صرف اسکولوں میں خواتین کے ڈراپ آؤٹ کو کم کیا جاسکے گا، بلکہ کام کرنے والی خواتین کیلئے بھی سہولت فراہم ہوگی، جنھیں اپنے کام کی جگہ تک کافی فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے۔
وہاں تک محفوظ رسائی یقینی بنائی جائے گی ۔اس سے قبل 2019 میں دہلی میں اروند کجریوال حکومت نے ڈی ٹی سی بسوں میں خواتین کے لئے بھی اسی طرح کی اسکیم کا اعلان کیا تھا۔



