
کمبھ میلہ سے دہلی لوٹنے والوں کیلئے 14 دنوں کا ہوم کوارنٹین لازمی ڈی ڈی ایم اے نے جاری کیاحکم
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ دریں اثنا دہلی حکومت نے ایک حکم جاری کیا ہے جس میں دہلی کے تمام باشندوں کیلئے ہریدوار کے کمبھ میلے سے واپس آنے پر 14 دن کا کوارنٹین لازمی قرار دیا گیا ہے۔ دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے)، جی این سی ٹی ڈی نے کہا کہ کمبھ میلے سے واپس آنے والے دہلی کے باشندوں کو 14 دن تک گھر ہی رہنا پڑے گا۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ 4 اپریل سے 17 اپریل تک ہریدوار کے کمبھ میلے سے آنے والے دہلی کے تمام باشندوں کو دہلی حکومت کے پورٹل پر فراہم کردہ لنک پر تفصیلات اپ لوڈ کرنی ہوں گی۔
اس میں نام، دہلی کا پتہ، رابطہ نمبر، شناختی کارڈ، آنے اور جانے کی تاریخ شامل ہوگی۔ ساتھ ہی 17 اپریل سے 30 اپریل تک کمبھ میلے جانے والے افراد کو بھی یہ تفصیلات دینی ہوں گی۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی کمبھ جانے کے بعد دہلی لوٹنے پر تفصیلات پیش نہیں کرتا ہے تو اسے 14 دن کے لئے ادارہ جاتی حکومتی کوارنٹین بھیجا جائے گا۔



