
نئی دہلی :(اردودنیا.اِن) ہندوستان میں کرونا وائرس کا بحران ایک بار پھر پاؤں پسارچکا ہے ، جس سے سبھی پریشان ہیں۔ ریاستی حکومتیں اس سلسلے میں سخت احتیاطی اقدام اٹھا رہی ہیں، لیکن پھر بھی کئی مقامات پر کرونا پروٹوکول کو طاق پر رکھا جارہا ہے ۔اسی تناظر میں اتراکھنڈ کے ہریدوار واقع کمبھ میلہ کا منظر انتہائی خوفناک ہے ،جس کے ضمن میں کئی رپورٹ آ چکی ہیں۔ مرکز نظام الدین کی مبینہ بھیڑ کے نام پر میڈیامیں ہنگامہ آرائی تھی ، لیکن اب کمبھ میلے کے ’’شاہی اسنان‘ ‘کے موقعہ پر ہونے والی بھیڑ کے تعلق سے مکمل خاموشی ہے ۔
What you are seeing is not KUMBH MELA but it’s a CORONA ATOM BOMB ..I wonder who will be made accountable for this VIRAL EXPLOSION pic.twitter.com/bQP9fVOw5c
— Ram Gopal Varma (@RGVzoomin) April 13, 2021
البتہ بالی ووڈ کی کئی ہستیوں نے کمبھ میلہ میں بھیڑ اور ’شاہی اسنان‘ کے دوران کرونا پروٹوکول کی خلاف ورزی پر آواز اٹھائی ہے۔ کمبھ میلے کی بھیڑ پرمعروف ہدایت کار رام گوپال ورما نے تنقید کی ہے ۔رام گوپال ورما نے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی ہے اور کرونا دور میں ہری دوار میں کمبھ میلہ کے دوران’’ شاہی اسنان‘‘ پر سوال اٹھایا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ’’جوآپ دیکھ رہے ہیں وہ کمبھ میلہ نہیں ہے ،بلکہ یہ کورونا ’ایٹم بم‘ ہے۔
میں حیران ہو رہا ہوں کہ اس وائرل ایکسپلوزن کا ذمہ دار کسے ٹھہرایا جائے گا؟ ۔واضح رہے کہ مہاراشٹر میں بڑھتے کورونا کا اثر فلم انڈسٹری پر سیدھے طور پر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، اکشے کمار، گووندا، کیٹرینہ کیف، وکی کوشل اور بھومی پیڈنیکر جیسے ستارے کورونا کی زد میں آ چکے ہیں۔ کئی فلموں کی ریلیز پھر سے ملتوی کر دی گئی ہے۔ فلمی ستارے مداحوں سے کووڈ ضابطوں پر عمل کرنے کی گزارش کرتے نظر آ رہے ہیں۔



