
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسزاور مہاماری سے دوچار طبی نظام پر کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔سونیا گاندھی نے ملک کی خراب صورتحال کے لیے مرکزی حکومت سے کئی سوال کئے اور ساتھ ہی انہوں نے مرکزی حکومت سے آل پارٹی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے قائمہ کمیٹی سے بھی درخواست کی کہ وہ کورونا سے پیدا ہونے والے خراب صورتحال پر نگاہ رکھیں۔
سونیا گاندھی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کانگریس کے راجیہ سبھا اور لوک سبھا ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کی وجہ سے حالات بدتر ہوتے جارہے ہیں۔ اس پر قابو پانے کے لئے حکومت کو ٹھوس حکمت عملی اپنانی چاہئے۔ سونیا گاندھی نے کہا سسٹم نہیں مودی حکومت ناکام ثابت ہوئی ہے۔ مودی حکومت نے وسائل اور طاقت کا صحیح استعمال نہیں کیا۔
مودی کی قیادت پر سوال اٹھاتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ ملک کو ایک ایسی سیاسی قیادت ملی ہے جس کو عوام سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ بی جے پی کے زیر اقتدار کچھ ریاستی حکومتوں کے بارے میں سونیا گاندھی نے کہا کہ لوگوں کو مدد فراہم کرنے کے بجائے مدد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کررہی ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سچائی لکھنے سے لوگوں کوروک رہے ہیں۔
سونیا گاندھی نے فوری طور پر کل جماعتی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔کانگریس کی حکمرانی والی ریاستوں میں لوگوں کو مدد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں بہترتیاری کے ساتھ لڑنا ہوگا ۔ یہ حکومت بمقابلہ ہماری جنگ نہیں ہے۔ یہ ہماری بمقابلہ کورونا کی لڑائی ہے۔ سب کو متحد ہوکر لڑنا ہوگا۔ سونیا گاندھی نے یوتھ کانگریس کے تعاون کو بھی تعریف کی۔



