
کورونا سے فوت ہونے والوں کی آخری رسومات تجارت میں تبدیل،کارپوریٹ ایجنسی کا پیاکیج
اپنوں کی دوری پر کارپوریٹ ایجنسی کا پیاکیج ، 30 تا 35 ہزار میں آخری رسومات کی انجام دہی
تلنگانہ:(اردودنیا.اِن) ریاست میں کورونا کی دوسری لہر تشویشناک صورتحال اختیار کررہی ہے ۔ پازیٹیو کیس اور اموات روزانہ ایک نیا ریکارڈ قائم کررہے ہیں ۔ جس سے عوام میں خوف و دہشت کی لہر پیدا ہوگئی ہے ۔ کورونا سے متاثر ہو کر فوت ہونے پر ارکان خاندان آخری دیدار کرنا بھی مناسب نہیں سمجھ رہے ہیں ۔ آخری رسومات کی انجام دہی سے مکمل دوری اختیار کررہے ہیں جس سے بلدیہ کا عملہ آخری رسومات انجام دے رہا ہے ۔
فی الحال کورونا سے مرنے والوں کی آخری رسومات تجارت میں تبدیل ہوگئی ہیں ۔ اس مسئلہ کو حل کرنے کے لیے چند کارپوریٹ ایجنسیاں میدان میں کود پڑی ہیں ۔ کوویڈ سے متاثر ہو کر دم توڑنے والوں کو ویان میں لیجانے آخری رسومات انجام تک تمام سرگرمیاں وہ انجام دے رہی ہیں ۔ ان سب کو ملا کر وہ ایک اسپیشل پیاکیج فراہم کررہے ہیں جس کے لیے 30 تا 35 ہزار روپئے وصول کئے جارہے ہیں ۔ ملک کے 7 اہم شہروں میں یہ خدمات انجام دی جارہی ہے ۔
( اتھین سٹی فیونرل سرویس ) نامی ایجنسی حیدرآباد ، بنگلور ، جئے پور کے علاوہ دوسرے شہروں میں یہ خدمات انجام دے رہی ہے ۔ حیدرآباد میں آخری رسومات انجام دینے کے لیے 32 ہزار روپئے وصول کئے جارہے ہیں ۔ یہ ایجنسی روایات کے مطابق آخری رسومات انجام دے رہی ہے ۔
نعش کو ہاسپٹل سے شمشان گھاٹ لیجانے اور آخری رسومات انجام دینے کے بعد نعش کی راکھ ارکان خاندان کے حوالے کرنے تک تمام رسومات انجام دے رہی ہے ۔ یہ ایجنسی گولڈ اور سلور پیاکیج فراہم کررہی ہے ۔ اس کیلئے 30 ہزار روپئے وصول کررہی ہے ۔ یہ ایجنسی تمام احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے آخری رسومات انجام دے رہی ہے



