تلنگانہ کی خبریں

کورونا مریضوں سے خانگی اور کارپوریٹ دواخانوں میں من مانی رقم وصولی

کارپوریٹ دواخانوں میں مریضوں کی تشویشناک حالت پر سرکاری دواخانہ منتقلی، گاندھی ہاسٹل سے مریضوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش

تلنگانہ:(اردودنیا.اِن)حیدرآباد وسکندرآباد کے خانگی اور کارپوریٹ دواخانوں میں کورونا وائرس کے مریضوں سے لاکھوں روپئے وصول کئے جانے کے بعد مریضوں کو گاندھی ہاسپٹل سے رجوع کیا جانے لگا ہے جو کہ کارپوریٹ انداز میں گاندھی ہاسپٹل سے مریضوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش تصور کی جا رہی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ گاندھی ہاسپٹل میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران 170 ایسے مریض رجوع ہوئے ہیں جو کہ طویل مدت تک کارپوریٹ دواخانوں میں زیر علاج تھے اور انہیں آخری وقت میں گاندھی ہاسپٹل سے رجوع کردیا گیا ان میں 125 مریض گاندھی ہاسپٹل میں فوت ہوچکے ہیں لیکن مابقی مریضوں کا کامیاب علاج یقینی بنایا گیا ہے۔ دواخانہ کے ذمہ داروں نے بتایا کہ جو 125 مریض کارپوریٹ دواخانوں سے گاندھی منتقل کرنے کے بعد فوت ہوئے ہیں ان میں 100کے قریب مریض اندرون 4گھنٹے فوت ہوئے ہیں جبکہ تمام مریضوں کو آئی سی یو میں علاج کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے گئے تھے۔

گاندھی ہاسپٹل کے ذرائع نے بتایا کہ کارپوریٹ دواخانوں میں کورونا وائرس کی اموات کے سبب دواخانہ بدنام نہ ہواسی لئے ایسا کیا جا رہاہے اور لمحۂ آخر میں گاندھی ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے مریضوں کو بھی دواخانہ کے انتظامیہ کی جانب سے ممکنہ طبی امداد کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر راجہ راؤسپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل نے بتایا کہ دواخانہ میں آکسیجن بستروں کی کمی نہیں ہے اور ہر مریض کو گاندھی ہاسپٹل میں شریک کیا جا رہاہے اور جنہیں آئی سی یو اور وینٹیلیٹر کی ضرورت ہے انہیں بھی منع نہیں کیاجا رہاہے۔انہوںنے بتایا کہ کارپوریٹ دواخانو ںمیں یومیہ ایک لاکھ روپئے تک وصول کرتے ہوئے آئی سی یومیں علاج کیا جا رہاہے اور جب صورتحال قابو سے باہر نظر آرہی ہے تو ایسے مریضوں کو گاندھی ہاسپٹل سے رجوع کیا جانے لگا ہے لیکن اس کے باوجود بھی گاندھی ہاسپٹل کے طبی عملہ کی جانب سے مریضوں کی زندگی کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایسا کرنے والے دواخانوں کے متعلق تفصیلات سے محکمہ صحت کو واقف کروایا جاچکا ہے اور مزید تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کارپوریٹ دواخانوں میں زیر علاج مریضوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک نہ کیا جائے اور ان کو بچانے کی ممکنہ کوشش جہاں وہ شریک ہیں وہیں کی جاتی رہے۔

گاندھی ہاسپٹل میں شریک مریضوں کی صحت کے متعلق سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ جو مریض ابتدائی علامات کے ساتھ دواخانہ سے رجوع ہورہے ہیں وہ تیزی سے روبہ صحت ہونے لگے ہیں اور جن مریضوں کو آئی سی یو یا وینٹیلیٹر کی ضرورت محسوس ہورہی ہے ان کے لئے آکسیجن اور آئی سی یو بیڈ فراہم کیا جا رہاہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button