نئی دہلی : (اردودنیا.اِن)وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اتر پردیش میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر 4 اپریل تک آٹھویں جماعت تک کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ریاستی حکومت کے ترجمان نے اس بارے میں معلومات دی۔ ریاستی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک اعلی سطحی میٹنگ میں کورونا انفیکشن کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ ریاست میں چونکہ انفیکشن کے معاملات بڑھتے جارہے ہیں اس لیے ریاست کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 4 اپریل تک بند رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دیگراسکولوں میں کوویڈ پروٹوکول کی مکمل پیروی ہونی چاہئے۔وزیر اعلی نے کورونا کے پیش نظر ریاست میں مکمل نگرانی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا جانچ کا کام پوری صلاحیت کے ساتھ ہوناچاہئے۔ یوگی نے دیہی اور شہری علاقوں میں مانیٹرنگ کمیٹیوں کو مکمل طور پر سرگرم ہونے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر گاؤں اور وارڈ میں مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام عوامی پروگراموں میں معاشرتی دوری کو یقینی بنایا جانا چاہئے اور ماسک کے لازمی استعمال پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔



