کورونا کی دوسری لہر کے دوران کچھ لوگوں نے خوف کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی : سی ایم یوگی
لکھنو:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اپوزیشن کونشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے آغاز میں کچھ لوگوں نے عوام اور ہیلتھ ورکرز کے حوصلے بلند کرنے کے بجائے خوف کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی اور اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ہر شخص آکسیجن اور ریمڈیسورکے لیے دوڑ پڑا اور افراتفری کی حالت پیدا ہوگئی۔
آدتیہ ناتھ نے کہا کہ بھگوان کی کرپا اور تمام لوگوں کے تعاون سے صورتحال کو قابو میں کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ‘کورونا وائرس کی دوسری لہر میں بیماری تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے آکسیجن اورریمڈیسورکے مطالبے میں اچانک اضافہ ہوگیا اور دوائیوں کی قیمتیں بڑھنے لگیں، خوف پیدا کیا گیا جس کی وجہ سے آکسیجن اور دوائیں لینے کے لیے افراتفری پیدا ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب عوام کے حوصلے بڑھانے کی ضرورت تھی، ہیلتھ ورکرز کے حوصلے بڑھانے کی ضرورت تھی، اس وقت کچھ لوگوں نے جان بوجھ کر ان کے حوصلے پست کرنے، خوف کی فضا قائم کرنے اور ایک خوفناک ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ صورتحال افراتفری جیسی ہوگئی لیکن آج صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔



