
کورونا کی نئی شکل۔برطانیہ سے مسافرین کی واپسی کے پیش نظر تلنگانہ کے اضلاع کریم نگر اور ورنگل میں چوکسی

حیدرآباد:24/ڈسمبر (اردودنیانیوز) کورونا کی نئی شکل کے پیش نظر تلنگانہ کے ضلع کر یم نگر اور ضلع ورنگل میں چوکسی اختیارکی گئی ہے ۔برطانیہ سے متحدہ ضلع کریم نگر کو 16افراد واپس ہوئے ۔اس ماہ کی 17اور18تواریخ کو کریم نگر ٹاون کے لئے دس، پداپلی ضلع کے سلطان آباد علاقہ کوچار افراد، سرسلہ ضلع کو ایک، منچریال ضلع کو ایک شخص کی برطانیہ سے واپسی ہوئی۔ان تمام افراد کے مختلف نمونے حاصل کرتے ہوئے ان کو جانچ کے لئے بھیجا گیا ہے اور ان تمام کو گھروں میں ہی الگ تھلگ رکھاگیا ہے ۔پداپلی ضلع کے سلطان آبادعلاقہ سے تعلق رکھنے والے چار افراد برطانیہ سے بدھ کی شب واپس ہوئے ۔ان کے شہر حیدرآبادکے شمس آباد ایرپورٹ پر پہنچنے کے بعد ایک شخص حیدرآبادمیں رہ گیا جبکہ بقیہ تین جمعرات کی صبح سلطان آباد پہنچے ۔ایرپورٹ پر ان کے کئے گئے طبی معائنہ پر یہ تمام کورونا کی نئی شکل سے منفی پائے گئے ۔ان تمام کے خون کے نمونے حیدرآباد کے لیب بھیجے گئے ۔تین افراد کو عہدیداروں نے کورونا کٹ فراہم کیااور ان سے خواہش کی کہ وہ گھروں میں ہی الگ تھلگ رہیں۔کورنا کی نئی شکل کے متاثرین کے علاج کے لئے ورنگل کے ایم جی ایم اسپتال میں خصوصی وارڈس بنائے گئے ہیں۔ڈی ایم ای کی ہدایت پر ایم جی ایم اسپتال میں یہ خصوصی وارڈس بنائے گئے جس میں متاثرین کے علاج کے لئے 35بستروں کا انتظام کیاگیا۔عہدیداروں نے نشاندہی کی کہ برطانیہ سے متحدہ ضلع ورنگل کو تقریبا 45افراد اب تک آئے ۔



