
کورونا کے اضافی کیسز پرکرناٹک کے وزیر اعلیٰ نے کہا بنگلور میں نہیں لگے گا لاک ڈاؤن
بنگلورو: (اردودنیا.اِن)دارلحکومت بنگلورو میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کے درمیان کرناٹک کے وزیر اعلی بی ایس یدیورپا نے کابینہ کا ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ ریاستی حکومت نے کورونا کیسوں میں اضافے کو خطرناک بتایاہے۔ بنگلور شہر میں روزانہ اوسطاکورونا کیسز 1300 سے 1400 رپورٹ ہو رہے ہیں۔ اس شہر میں گزشتہ14 دنوں میں کورونا انفیکشن کے 16921 کیس ریکارڈ ہوئے ہیں۔
ریاست کرناٹک کو اس وقت کورونا کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔ دارالحکومت بنگلورو میں کیسزکی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے ، حالانکہ ریاستی حکومت اس شہر میں لاک ڈاؤن پر غور نہیں کررہی ہے۔ عہدیداروں سے ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ یدیورپا نے کہا کہ کوئی لاک ڈاؤن یا کرفیو نافذ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسکول اور کالج بند نہیں کریںگے ۔ ہم نے اس پربحث کی ہے کہ اگر بچے اسکول آتے ہیں تو یہ وہ جگہ ہے جہاں وہ نظم و ضبط میں رہیںگے ۔ دوسری طرف وہ گھر میں ہرسکی سے ملیں گے۔ کورونا کیسز کو کنٹرول کرنے کے سلسلے میں اسکول کو جاری رکھنا اچھا ہے۔ امتحانات 15 دن میں ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ آئندہ 15 دن میں کسی بھی قسم کے احتجاج یا ریلی کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہی نہیں بلکہ شادی جیسی تقاریب کے دوران بھی لوگوں کی تعداد پر نظر رکھی جائے گی۔ ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا انفیکشن کے معاملات میں 20 سے 40 سال کی عمر کے لوگوں کی تعداد زیادہ ہے۔



