گوہاٹی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)آسام میں حالیہ اختتام پذیر اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے زیرقیادت این ڈی اے اتحاد کو مکمل اکثریت حاصل ہوئی ہے،تاہم ابھی تک وزیر اعلی کے عہدے کے لئے کسی نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ اس بارے میں قیا س آرائی ہے کہ آسام کے موجودہ وزیر اعلیٰ سربانند سونووال دوبارہ وزیر اعلی بنیں گے ،یا پارٹی ہمنت بسو سرماکو موقع فراہم کرتی ہے۔
آج دونوں رہنماؤں کو دہلی طلب کیا گیا ، جہاں پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا کے گھر وزیر داخلہ امیت شاہ کی موجودگی میں ایک میٹنگ ہوئی، آج دہلی میں ہیمنت بسوسرما(ھیمنت وشو شرما)نے کہا کہ کل گوہاٹی میں بی جے پی کی ممبرانِ اسمبلی کی میٹنگ ہوگی ،وزیر اعلی کے نام کے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس میٹنگ کے بعد تمام سوالات کے جوابات دیئے جائیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ یہ دونوں رہنما ہفتے کی صبح دہلی پہنچے تھے ،
لیکن پہلے سرما نڈا اور بی جے پی کے جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش سے ملاقات کے لئے نڈا کی رہائش گاہ پہنچے،بعد میں امت شاہ بھی وہاں پہنچ گئے۔ سرما کے جانے کے بعد سونووال نے بی جے پی کے اعلیٰ رہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں بنیادی طور پر اس امر پر بھی بات ہوئی کہ اگلا وزیر اعلی کون بنے گا۔آسام اسمبلی کے 126 رکنی اسمبلی میں بی جے پی نے 60 نشستیں حاصل کی ہے، جبکہ اس کی اتحادی پارٹنر آسام گانا پریشد نے ۹ ؍اور متحدہ پیپلز پارٹی لبرلز نے چھ نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔



