
کووِڈ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر جمی شیرگل اور ’یور آنر‘ ویب شو کے 35 افراد کے خلاف مقدمہ درج
ممبئی:(اردودنیا.اِن)سونی لیو کے لئے بنائی جارہی ویب سیریز ’یور آنر‘ کی شوٹنگ ان دنوں پنجاب کے شہر لدھیانہ میں جاری ہے، جہاں اس سیریز کے مرکزی اداکار جمی شیرگل اور اس شو سے وابستہ 35 افراد کے خلاف کووڈ 19 کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ویب شو کے ڈائریکٹر ای نواس کے خلاف بھی پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق کووڈ19 کے حوالے سے بنائے گئے قواعد کے مطابق شام 6 بجے کے بعد پنجاب میں شوٹنگ کی اجازت نہیں ہے لیکن لدھیانہ کے ’آریا سینئر سیکنڈری اسکول‘ میں ’یور آنر‘ کی ٹیم نے رات 8 بجے تک مقررہ وقت سے 2 گھنٹے زیادہ شوٹنگ کی۔
منگل کی شام جب پولیس شوٹنگ کے مقام پر پہنچی تو عدالتی مناظرکے سین فلمائے جارہے تھے۔بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے شو کے ہدایت کار ای نواس اور عملے کے دو ممبروں کو گرفتار کیا اور بعد میں کووڈ 19 کے رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر انہیں ضمانت پر رہا کردیا۔
بتادیں کہ لاک ڈاؤن کے نئے قواعد کے مطابق پنجاب میں کورونا کو کنٹرول کرنے کے لئے شام 6.00 سے صبح 5 بجے تک لاک ڈاؤن لاگو کردیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سونی لیوپرآنے والا شویور آنر اسرائیلی ویب شو کا ریمیک ہے، جس میں جمی شیرگل نے ایک جج کا کردار ادا کیا ہے۔ اس وقت شو کے دوسرے سیزن کی شوٹنگ لدھیانہ میں ہورہی تھی۔



