
کووڈ ویکسین کیلئے بجٹ میں مختص 35 ہزار کروڑ میں سے صرف 13 فیصدرقم ہوئی خرچ، آر ٹی آئی سے ہوا خلاصہ
نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ناگپور کے ایک کارکن کو آر ٹی آئی ایکٹ کے تحت ملی معلومات سے انکشاف ہوا ہے کہ مرکزی حکومت نے ویکسین کی خریداری کے لئے مختص 35000 کروڑ روپے کے کل بجٹ میں سے صرف 4488.75 کروڑ روپے خرچ کیاہے۔
مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے یکم فروری کو پیش کئے جانے والے بجٹ میں کووڈ ویکسی نیشن پروگرام کے لئے 35000 کروڑ روپئے مختص کرنے کا اعلان کیاتھا۔کارکن موہنیس جبل پور کی آر ٹی آئی کے جواب میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ویکسین خریدنے کیلئے مختص رقم کا 13 فیصد سے بھی کم خرچ ہواہے اور ابھی تک 87.18 فیصد رقم خرچ نہیں کی جاسکی ہے۔ ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر نے موہنیش کو 28 مئی کو اپنے جواب میں بتایاکہ مرکزی بجٹ میں مالی سال 2021-22 میں کووڈ ٹیکوں کے لئے 35000 کروڑ روپئے کی فراہمی کی گئی تھی۔
کوڈ ویکسین کی خریداری کے لئے ایچ ایل ایل لائف کیئر لمیٹڈ (وزارت کی خریداری ایجنسی) کو 4488.75 کروڑ، سیرم انسٹی ٹیوٹ سے کوویشیلڈ کی 21 کروڑ خوراک اور بھارت بائیوٹیک سے کووڈوکسین کی 7.5 کروڑ خوراکیں جاری کی گئیں۔ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے موہنیس جبل پور نے کہا کہ مرکز نے یکم مئی سے 18-44 عمر کے افراد کے لئے ویکسین لگانے کا اعلان کیا تھا۔
مجھ جیسے ہزاروں افراد بے چین ہوکر اس خطرناک بیماری سے اپنے آپ کو بچانے کے منتظر ہیں۔ بہت سے نوجوان بھی کرونا سے مر چکے ہیں۔ مرکز نے بار بار اعلان کیا تھا کہ ہندوستان میں ٹیکے کی کمی نہیں ہے۔وہیں مرکز نے بجٹ کی کل مختص رقم کا صرف 12.82 فیصد خرچ کیا ہے۔ ویکسین سب کو مفت میں دستیاب کرنے کے لئے مرکز باقی رقم کیوں نہیں استعمال کررہا ہے؟۔
3 مئی کو ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے 2520 کروڑ روپے ادا کئے ہیں۔ اس میں سیرم انسٹی ٹیوٹ کو ٹیکے کی فراہمی کے لئے 1732.50 کروڑ روپے اور مئی، جون اور جولائی میں بھارت بائیوٹیک کو 787.50 کروڑ روپئے کی ادائیگی کی گئی تھی۔ اسی دوران 28 مئی کو حکومت نے کہا کہ اس نے ٹیکے کی خریداری کے لئے ایچ ایل ایل لائف کیئر لمیٹڈ کو 4488.75 کروڑ روپے دئے ہیں۔



