
دوسری خوراک 4 ہفتوں کے بجائے 8 ہفتوں کے بعد دی جائے گی
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)حکومت نے آسٹرا زینیکا کی کورونا ویکسین کووی شیلڈ کی پہلی اور دوسری خوراکوں کے درمیان فاصلہ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔مرکز کی ہدایت کے مطابق اب کووی شیلڈ کی دو خوراکوں کے درمیان کم از کم 6 سے 8 ہفتوں کی مدت کا فاصلہ ہونا چاہئے۔ فی الحال دونوں کے مابین 28 دن کا فرق ہے۔ مرکز نے واضح کیا کہ اس فیصلے کا اطلاق کوویڈ ویکسین پر نہیں ہوگا۔
مرکزی حکومت کے مطابق یہ فیصلہ نیشنل ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ برائے امیونائزیشن (این ٹی اے ٹی آئی) اور ویکسی نیشن ایکسپرٹ گروپ کی تازہ ترین تحقیق کے بعد کیا گیا ہے ، جسے ریاستی حکومتیں نافذ کریں گی۔ یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اگر ویکسین کی دوسری خوراک 6 سے 8 ہفتوں کے درمیان دی جائے تو یہ زیادہ کارگر ثابت ہوگی۔
پچھلے ہفتے ملک میں کورونا کے معاملے میں پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے، اس وبا کے آغاز کے بعد سے ہر ہفتے میں یہ سب سے زیادہ اضافہ ہے۔ 15 سے 21 مارچ کے درمیان ملک میں 2 لاکھ 60 ہزار 561 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جو کہ محض اخبارات و میڈیا میں ہی نظر آتے ہیں۔ اس سے قبل 8 سے 14 مارچ کے درمیان 1 لاکھ 55 ہزار 887 مریضوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ یعنی ان دو ہفتوں میں نئے کیسز کا فرق 1 لاکھ 4 ہزار 674 تھا۔
گذشتہ روز زیر علاج مریضوں کی تعداد میں 25578 کا اضافہ ہوا ہے۔ وہیں اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ تیرتھ سنگھ راوت کی کورونا رپورٹ مثبت آئی ہے۔ انہوں نے اس کی معلومات سوشل میڈیا پر دی۔ انہوں نے لکھا کہ میری کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ میں ٹھیک ہوں اور مجھے کوئی تکلیف نہیں ہے۔ میں نے ڈاکٹروں کی نگرانی میں خود کو آئی سولیشن میں رکھ لیا ہے ۔



