نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی کرنے والی ٹیم انڈیا کاانگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں مایوس کن آغاز ہوا۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ہندوستانی ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کوہلی اس میچ میں اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے ، جس کی وجہ سے ان کے نام پر ایک انوکھا ریکارڈ درج ہوگیا ہے۔اس میچ میں وراٹ کوہلی انگلینڈ کے لیگ اسپنر عادل راشد کا شکار بنے۔
بین الاقوامی کرکٹ میں بطور کپتان یہ 14 واں موقع ہے جب کوہلی صفر پر آوٹ ہوئے ،اس کے ساتھ ہی وہ پہلے ہندوستانی کپتان بن گئے ہیں جو زیادہ مرتبہ آؤٹ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی کے نام تھا جو انٹرنیشنل کرکٹ میں 13 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔
مہندر سنگھ دھونی 11بارآوٹ ہوئے ہیں اور اس فہرست میں تیسرے نمبر ہیں، کپل دیو 10بار آوٹ ہوئے ہیں اور وہ چوتھے نمبر ہیں جبکہ محمد اظہر الدین 8 بارصفر پر آوٹ ہوئے ہیں اوروہ پانچویں نمبر پر ہیں۔بین الاقوامی میچوں میں یہ 28 واں موقع ہے جب کوہلی صفر پر آوٹ ہوئے ہیں۔
تاہم ہندوستان کی جانب سے سب سے زیادہ آؤٹ ہونے کا ریکارڈ ماسٹر بلاسٹر سچن کے نام ہے۔ سچن 34 بار انٹرنیشنل کرکٹ میں صفر پر آوٹ ہوئے ہیں۔ اس کے بعد ویریندر سہواگ 31 مرتبہ اور سوربھ گنگولی 29 مرتبہ آؤٹ ہوئے ہیں۔




