
کیپٹن پر بھاری پڑے نوجوت سنگھ سدھو- کانگریس ہائی کمان نے وزیراعلی امریندر سے وعدے پورے کرنے کو کہا
نئی دہلی، 23 جون: (اردودنیا/ایجنسیاں)پنجاب کانگریس کی باہمی چپقلش کا حل تلاش کرنے میں مصروف کانگریس ہائی کمان نے وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ سے کہا ہے کہ وہ گرو گرنتھ کی بے ادبی سمیت مجموعی طور پر 18 معاملات پر مقررہ مدت کے اندر نتائج دینے کوکہا۔اس بارے میں معلومات دیتے ہوئے پنجاب کانگریس کے انچارج ہریش راوت نے بڑا اعلان کیا کہ کیپٹن حکومت ہائی کمان کی ہدایت پر پنجاب میں 200 یونٹ بجلی فری کرنے جارہی ہے۔
راوت نے 2022 میں چہرے کا سوال ٹال دیا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ آنے والے دنوں میں نوجوت سنگھ سدھو کو ایک بار پھر دہلی بلایا جائے گا۔ مجموعی طور پر یہ واضح ہے کہ اب تک کی لڑائی میں سدھو نے کیپٹن کو زیر کیا ہے۔ دہلی میں نہ صرف دو بار کیپٹن پیش ہوئے بلکہ ہائی کمان نے وزیر اعلی کو ان امور پر کام کرنے کی ہدایت دی ہے جس پر سدھو مسلسل وزیراعلی کیپٹن کا گھیرائو کررہے تھے۔
دہلی میں راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد پنجاب کانگریس کے انچارج ہریش راوت نے دعوی کیا کہ پنجاب کی کانگریس حکومت نے 95 فیصد وعدے پورے کئے ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ کیپٹن امریندر سنگھ سے کہا گیا ہے کہ وہ باقی وعدوں کو مقررہ وقت میں پورا کریں۔ راوت نے کہا کہ گرو گرنتھ صاحب کی بے ادبی کے معاملے میں عوامی جذبات کے مطابق اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
ہریش راوت نے کہا کہ منشیات سے لے کر کان کنی تک ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔بڑا اعلان کرتے ہوئے راوت نے کہا کہ تمام گھریلو صارفین کو 200 یونٹ بجلی مفت دی جائے گی اور دلتوں کی قرض معافی کی جائے گی۔2022 میں وزیر اعلی کے چہرے کے سوال پر ہریش راوت نے کہا کہ جب وقت آئے گا تو اس پر بات کریں گے۔
کانگریس حکومت اور پنجاب کی تنظیم میں ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں راوت نے کہا کہ ہر چیز کا فیصلہ جولائی کے پہلے ہفتے تک ہوجائے گا۔ راوت نے یہ بھی بتایا کہ جن اراکین اسمبلی نے اپنے بیٹوں کو انوکمپا کی بنیاد پر نوکری دینے کا اعلان ہو تھا، انہوں نے خود اس سے انکار کردیا ہے۔



