
ہوا ئیں 165 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی ، 1.35 لاکھ لوگوں کو کیا گیاشفٹ
احمد آباد :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) 23 سالوں کا سب سے خطرناک طوفان گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کا خدشہ ہے۔ تاؤتے سمندری طوفان ممبئی سے آگے بڑھ رہا ہے اور گجرات سے ٹکرا نے کے بعد ہوائیں 165 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار میں چلیں گی۔ ریاستی حکومت نے اس کو سب سے خطرناک طوفان قرار دیا ہے۔ گجرات کے 16 اضلاع میں سب سے زیادہ نقصان کا خدشہ ہے۔ یہاں سے تقریباً 1.35 لاکھ افراد کو دوسری جگہ منتقل کردیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گجرات اس طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔
پوربندر ، امریلی ، جوناگڑھ ، بھاؤ نگر ، راج کوٹ ، موربی ، جام نگر ، دوارکا ، سریندر نگر ، بوٹاڈ ، کچھ ، سورت ، وال ساڑی ، نوساری ، بھروچ اور سومناتھ اضلاع میں پھوس کے بنے مکانات مکمل طور پر صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے ، اس کے علاوہ پختہ مکانات کو بھی بھاری نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ شدید بارش کے باعث کچھ علاقوں میں سیلاب بھی آسکتا ہے ۔ضلع گر سومناتھ میں 10 کلومیٹر کے دائرے میں واقع 99 گاؤںکو الرٹ کردیا گیا ہے۔
ان میں ویراول تعلقہ کے 28 گائوں ، سوتر پاڑا کے 17 گاؤں ، کوڈی نار کے 20 گاؤں اور اونا تعلقہ کے 34 گاؤں شامل ہیں۔ طوفان کے پیش نظر ہندوستانی کوسٹ گارڈ نے ایک مورچہ سنبھال لیا ہے ۔ماہی گیروں کو دو دن تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔



