
پٹرول اور ڈیزل کے بعد گیس بھی ہوامہنگا :ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 50 روپئے کا ہوااضافہ
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)ڈیزل اورپٹرول کی اضافی قیمتوں سے پریشان عوام کوایک اورجھٹکا لگا ہے۔ پٹرولیم کمپنیوں نے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 50 روپئے کا اضافہ کیا ہے۔ اسے اتوار کی رات 12 بجے سے نافذ کردیا گیا ہے۔ اب دہلی میں 14.2 کلو گرام کے ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت 769 روپئے ہوگئی ہے۔
گیس سلنڈر کی قیمتوں میں فروری میں دوسری بار اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل 4 فروری کو غیر سبسڈی والے سلنڈر میں 25 روپئے کا اضافہ کیا گیا ، یعنی گھریلو گیس کی قیمت میں فروری میں ہی 75 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔جنوری میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
تاہم دسمبر میں دو بار 50-50 روپئے کا اضافہ ہوا تھا۔ آئل کمپنیاں ہر ماہ ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں کا جائزہ لیتی ہیں۔ اس میں اضافہ یا کمی کا انحصار بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت اور امریکی ڈالر کی شرح تبادلہ پر ہے۔




