باہر سے آنے والوں کے لئے منفی رپورٹ پیش کرنا لازمی قرارد یا گیا
شملہ:(اردودنیا.اِن) ہماچل پردیش حکومت نے اتوار کو کرونا وائرس کے بڑھتے کیسوں کے درمیان ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ اس کے پیش نظر ریاست کے چار اضلاع میں کرونا نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیز ہماچل پردیش آنے والے مسافروں کو 72 گھنٹوں پرانی کرونا کی منفی رپورٹ پیش کرنی لازمی ہوگی، پچھلے کچھ دنوں میں ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح ہماچل پردیش میں بھی کرونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ہماچل پردیش کے دفتر وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ہماچل حکومت نے چار اضلاع کانگڑا ، سولن ، سرموراور ا ونا میں صبح دس بجے سے صبح پانچ بجے تک کیلئے کرونا نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کا اطلاق 27 اپریل سے 10 مئی کے درمیان ہوگا۔ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر کی سربراہی میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کیا گیا ہے۔
اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ریاست میں کسی بھی دوسری ریاست سے آنے والوں کے لئے ، 72 گھنٹے پرانی آر ٹی پی سی آر کی رپورٹ لانا ضروری ہوگا۔ اگرکوئی اپنے ساتھ رپورٹ نہیں لاتا ہے ، تو اسے ہو م آئی سولیشن میں14 دن تک گزارنے ہوں گے ۔



