
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے کے بعد اب ٹیم انڈیا ون ڈے سیریز میں بھی انگلینڈ کو شکست دینا چاہے گی۔ تین میچوں کی ون ڈے سیریز 23 مارچ سے دونوں ٹیموں کے مابین کھیلی جائے گی۔ اس سیریز کے سارے میچ ڈے نائٹ ہوں گے۔ ہندوستان نے اس سیریز کے لئے 18 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے ، لیکن انگلینڈ نے ابھی تک اپنی ٹیم کا اعلان نہیں کیا ہے۔ مہاراشٹرا میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے ون ڈے سیریز خالی اسٹیڈیم میں ہی کھیلی جائے گی۔
دراصل یہ فیصلہ ریاستی حکومت نے مہاراشٹرا میں ایک بار پھر کورونا کے پھیلنے کی وجہ سے لیا ہے۔ ون ڈے سیریز کے تمام میچز مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم پونے میں کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے سیریز کے تمام میچز دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوں گے۔بی سی سی آئی نے انگلینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لئے ٹیم انڈیا کا اعلان کیا ہے۔
اس ٹیم میں سوریہ کمار یادو ، پرسدھ کرشنا ، کنال پانڈیا ، محمد سراج ، ٹی نٹراجن ، شاردال ٹھاکر ، واشنگٹن سندر ، رشبھ پنت اور شبھمن گل جیسے نوجوان کھلاڑی شامل ہیں۔ تاہم ٹیم میں وراٹ کوہلی ، روہت شرما ، شیکھر دھون اور بھونیشور کمار کی شکل میں کچھ سینئر کھلاڑی بھی موجودہ ہیں۔



