

دبئی:19؍جنوری (اردودنیانیوز ) برسبین میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے دھماکے دار جیت کے ساتھ بارڈر گاوسکر ٹرافی پر قبضہ کرلیا ہے ۔ سیریز میں ملی 2-1 کی جیت نے ٹیم انڈیا کوآئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ ٹیبل میں سر فہرست بنا دیا ہے۔ ٹیم انڈیا کو جیت کا فائدہ ہوا لیکن آسٹریلیا کو بہت نقصان اٹھانا پڑا ،ہندوستان اب پہلے مقام پر پہنچ گیا ہے ،
جبکہ میزبان ٹیم ہار کی وجہ سے تیسری پوزیشن پر آگئی ہے۔ ٹیسٹ چمپئن شپ کے تحت ہندوستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلی جانے والی چار میچوں کی سیریز کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔ برسبین ٹیسٹ کے نتائج سے پہلے آسٹریلیا پہلے اور ہندوستان دوسرے نمبر پر تھا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم تیسرے نمبر پر تھی۔ میچ کے نتائج کے بعد ہندوستان پہلے نیوزی لینڈ دوسرے اور آسٹریلیائی ٹیم تیسرے نمبر پر پہنچ گیاہے۔ آئی سی سی کے جاری کردہ تازہ ترین چمپئن شپ ٹیبل میں ہندوستان برسبین کی فتح کے بعد 71.1 فیصد جیت کے ساتھ پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم 70 فیصد جیت کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ آسٹریلیائی ٹیم 69.2 فیصد جیت کے ساتھ تیسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ انگلینڈ 65.2 فیصد جیت کے ساتھ چوتھے اور جنوبی افریقہ 40 فیصد جیت کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
ہندوستان نے آسٹریلیائی سرزمین پر مسلسل دوسری بار ٹیسٹ سیریز جیت کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔ 328 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم انڈیا نے اس میچ میں بہت سے ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔ اس سے قبل کسی بھی ٹیم نے اس گراؤنڈ پر اتنا بڑا ہدف حاصل نہیں کیا تھا۔ 1988 کے بعد اس گراؤنڈ میں آسٹریلیائی کی یہ پہلی شکست ہے۔



