
یہی صورتحال رہی تو مہاراشٹرا جیسی صورتحال پیدا ہوجائے گی ، ہیلت ڈائرکٹر جی سرینواس
تلنگانہ:(اردودنیا) تلنگانہ ہیلت ڈائرکٹر ڈاکٹر جی سرینواس نے کہا کہ ہوا سے بھی کورونا وائرس پھیل رہا ہے ۔ اگر چوکسی اختیار نہیں کی گئی تو تلنگانہ میں بھی مہاراشٹرا جیسی صورتحال ہوجائے گی ۔ ہاسپٹلس میں علاج کے لیے بیڈس کا ملنا دشوار ہوجائے گا ۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جی سرینواس نے کہا کہ آئندہ چار تا چھ ہفتے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔
جہاں کورونا کے کیسیس میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔ ابھی تک عوام کو گھروں سے باہر نکلنے پر ماسک لگانے کا مشورہ دیا جارہا تھا اب صورتحال یہ ہوگئی ہے کہ عوام گھروں میں بھی ماسک کا استعمال کریں ۔ کورونا کی پہلی لہر کے بہ نسبت دوسری لہر بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے ۔ گھر کا ایک فرد متاثر ہونے پر گھنٹوں میں گھر کے دوسرے افراد اس کا شکار ہورہے ہیں ۔
ابھی چند ہاسپٹلس میں کورونا متاثرین کے لیے بیڈس کی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔ ریاست میں حالت سنگین ہے ۔ اگر عوام کی جانب سے غفلت سے کام لیا گیا تو وبا مزید تیزی سے پھیلے گی ۔ آئندہ ایک دو ماہ عوام کو چوکنا رہنا چاہئے ۔ عوام کی روزمرہ زندگی متاثر نہ ہوجائے اس لیے لاک ڈاؤن نہیں لگایا جارہا ہے ۔ عوام اپنی طرف سے اپنے آپ پر خود تحدیدات عائد نہ کرنے پر حالات سنگین ہوسکتے ہیں ۔
ڈائرکٹر ہیلت نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کورونا 19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کریں ۔ گھر سے باہر ماسک لگائیں ۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں ۔ ضروری کام ہو تو ہی گھروں سے باہر نکلیں بصورت دیگر گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں ۔ حکومت کی جانب سے کورونا پر قابو پانے کے لیے تمام احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں



