
ہیری اور میگھن نے شاہی خاندان کو خیرباد کہہ دیا: شاہی محل
لندن: (ایجنسیاں)برطانوی شاہی خاندان نے اعلان کیا ہے کہ اب 36 سالہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل دوبارہ کبھی شاہی ذمہ داریاں حاصل نہیں کر پائیں گے۔شہزادہ ہیری نے جنوری 2020 کے آغاز میں ہی شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں ملکہ برطانیہ نے ان کے فیصلے کی تائید کی تھی۔

مارچ 2020 میں شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل باضابطہ طور پر شاہی ذمہ داریوں سے الگ ہوکر شاہی محل سے باہر چلے گئے تھے۔شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل شاہی ذمہ داریوں سے آزاد ہونے کے بعد ابتدائی طور پر کینیڈا اور بعد ازاں امریکا منتقل ہوگئے تھے اور اب وہ امریکا میں عام حیثیت کی زندگی گزار رہے ہیں۔
مارچ 2020 میں جب شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کی تھی، اس وقت ان کے اور ملکہ برطانیہ کے درمیان معاہدہ ہوا تھا کہ ایک سال تک اگر جوڑا چاہے تو واپس اپنی ذمہ داریاں دوبارہ نبھا سکتا ہے۔
تاہم اب ایک سال گزرنے کے بعد شاہی محل نے تصدیق کی ہے کہ ہیری اور میگھن مارکل اب کبھی بھی شاہی ذمہ داریاں حاصل نہیں کر پائیں گے۔بیان میں واضح کیا گیا کہ اب شہزادہ ہیری تمام فوجی اعزازی عہدے بھی چھوڑ دیں گے جب کہ وہ دیگر فلاحی اداروں کے اعزازی عہدوں کو بھی چھوڑ دیں گے، جس کے بعد ان کی جانب سے چھوڑے گئے عہدے شاہی خاندان کے دوسرے افراد کو دیئے جائیں گے۔



