بین الاقوامی خبریں

یورپ: دوسری عالمی جنگ کو 76 برس ہو گئے، یادیں زندہ رکھنا ضروری: میرکل

برلن:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)جرمن چانسلر میرکل نے یورپ میں دوسری عالمی جنگ کے اختتام کے حوالے سے خصوصی بیان میں اس جنگ میں مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ یہ بیان یورپ میں دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے چھہتر برس پورے ہونے کے موقع پر جاری کیا گیا۔جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے بیان میں دوسری عالمی جنگ کے دوران اور نازی دور حکومت میں ہلاک ہونے والوں کو یاد رکھنا اہم قرار دیا۔

یورپ میں دوسری عالمی جنگ آٹھ مئی سن 1945 کے روز ختم ہوئی تھی۔ میرکل نے اس دن کو نجات کا د ن قرار دیا۔چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ آٹھ مئی سن 1945 نجات کا دن تھا۔ اس سے مراد نازی آمریت کا خاتمہ ہے۔ اس دورِ حکومت میں تہذیب سے منہ موڑا گیا تھا اور یہ شواہ تھا۔ عبرانی زبان میں ہولوکاسٹ کو شواہ کہا جاتا ہے۔ انگیلا میرکل کا یہ بیان ہفتہ آٹھ مئی کو برلن حکومت کے ترجمان اشٹیفن زائبرٹ نے جاری کیا۔

ہولوکاسٹ نازی دور حکومت میں قائم کیے گئے وہ اذیتی مراکز تھے، جن میں یہودی مذہب کے ماننے والے لاکھوں انسانوں کے ساتھ ساتھ روما خانہ بدوشوں اور دوسرے قیدیوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ایک دن قبل سات مئی بروز جمعہ جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر نے اپنے ایک بیان میں خبردار کیا تھا کہ نازی دور حکومت کے جرائم کو بھولنے کی کبھی کوئی کوشش نہیں کی جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل سوشلزم کا مقابلہ کرنا اور اس دور کی ناانصافیوں کو یاد رکھنا ہی جرمن جمہوریت کو کمزور نہیں ہونے دیتا۔ اشٹائن مائر نے اس تناظر میں یہ بھی کہا کہ ان یادوں سے مزاحمتی کوششوں اور ابھرنے کی قوت میں کمی پیدا نہیں ہو رہی۔جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے ان انسانوں کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اپنی زندگیوں کو خطرات میں ڈال کر اور جانوں کا نذرانہ دے کر دنیا سے نازی فاشزم کا صفایا کیا تھا۔

ماس نے لوگوں کو تلقین کی کہ وہ ازادی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنی جدوجہد مسلسل جاری رکھیں۔آٹھ مئی سن 1945 کو نازی جرمنی کی فوج نے اتحادی افواج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button