یوپی: پنچایت انتخابات کے بعد دیہاتوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے کورونا ، کئی لوگوں کی موت
نوئیڈا:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کورونا کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے گوتم بدھ نگر کے قصبوں اور دیہاتوں میں صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ ہفتے کے روز ایک عہدیدار نے بتایا کہ ضروری دوائیں مہیا کرنے اور انفیکشن کی جانچ پڑتال کے لئے متعدد مراکز کھول دیئے گئے ہیں۔ چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر دیپک اہوری نے کہا کہ دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنایا جارہا ہے ،
جس کے تحت ادویات اور آکسیجن مہیا کرنے اور کورونا کی اسکریننگ کے لئے بہت سے مراکز کھول دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ علامات ظاہر ہونے پر فورا ٹیسٹ کرائیں اور اگر انفکشن پایا گیا تو محکمہ صحت سے رابطہ کریں اور دوائیوں کا کیٹ حاصل کریں۔
سی ایم او نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے گھروں میں زیر علاج افراد کے لیے دوائیوں کی کٹ ان کے گھر بھیجنا شروع کردی ہے۔ یہ بھی بتایا کہ آکسیجن کی کمی کو دور کرنے کے لئے شہری اور دیہی علاقوں میں پانچ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آکسیجن سلنڈر اور ریمیڈسورانجکشن کی شرح طے کی گئی ہے۔
اب یہ دوا نجی اسپتالوں میں 1800 روپئے میں دستیاب ہوگی۔ اس کے لئے محکمہ صحت ڈاکٹروں کے نسخے پر دوا دستیاب کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گوتم بدھ نگر میں مناسب مقدار میں انجکشن دستیاب ہے۔تین درجے کے پنچایت انتخابات کے بعد دیہی علاقوں میں یہ انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے اور بہت سے لوگوں نے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق دنکور ، دادری ، جرچہ ، جیور ، بلاسپور اور ربوپورہ قصبوں میں روزانہ دو سے چار افراد ہلاک ہو رہے ہیں۔ انتخابی ڈیوٹی میں مصروف بہت سے افراد کورونا کی گرفت میں آگئے ہیں۔ جمعہ کے روز محکمہ بنیادی تعلیم کے دو اساتذہ کا انتقال ہوگیا۔ ان میں سے ایک نے پنچایت انتخابات کی تربیت میں حصہ لیا۔ انفیکشن کے آثار ظاہر ہونے کے بعد انہیں انتخابی ڈیوٹی سے دور رکھا گیا تھا۔



