یوگی حکومت کو سپریم کورٹ سے بڑی راحت ،تمام گاوں کو 2-2 آئی سی یو ایمبولینس دینے والے ہائی کورٹ کے حکم پرروک
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سپریم کورٹ نے الہ آباد ہائی کورٹ کے اس حکم پر روک لگادی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ 1 مہینے کے اندر یوپی کے تمام دیہات کے لئے 2-2 آئی سی یو ایمبولینسیں دیاجائے۔ اس حکم کے تحت تمام نرسنگ ہومز میں آکسیجن بستر کی سہولت کیلئے بھی کہاتھا۔ یہ وہی حکم ہے جس میں ہائی کورٹ نے ریاست کے طبی نظام کو ’رام بھروسے‘ کہا تھا۔
ریاستی حکومت نے سپریم کورٹ میں دلیل دی کہ ایک مہینے میں 97000 دیہاتوں کے لئے 2-2 ایمبولینس دینابشمول دوسرے احکامات چاہے اچھے مقصد کے لئے دئے گئے ہیں لیکن یہ ناقابل عمل ہیں۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ہائی کورٹ کے حکم کوصلاح کے طور پر لے کر کام کرنے کی کوشش کریں۔
سپریم کورٹ نے تمام ہائی کورٹ سے کہا کہ وہ ایسے احکامات نہ دیں جن کی پیروی کرنا ناممکن ہے۔بتادیں کہ یوپی کے دیہی علاقوں میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے دیہات میں تیزی سے انفیکشن پھیلنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ اس سے متعلق ایک درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے یوگی حکومت پر سخت تبصرہ کیا۔ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ اترپردیش کے دیہات اور چھوٹے شہروں میں طبی سہولیات کی حالت رام بھروسے ہے۔



