ایک رات میں 84 ارب ڈالر کا منافع! صرف 10 ارب پتی افراد نے کمائی کے ریکارڈ توڑ دیے
مارک زکربرگ نے کمایا جن کی دولت میں 16.1 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا،
لندن :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)چین اور امریکہ کے درمیان حالیہ تجارتی معاہدے نے عالمی معیشت میں مثبت لہر دوڑائی، جس کا براہِ راست اثر اسٹاک مارکیٹ اور دنیا کے بڑے سرمایہ داروں کی دولت پر پڑا۔ "بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس” کے مطابق صرف ایک رات میں دس ارب پتی افراد کی مشترکہ دولت میں 83.7 ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا، جسے معاشی ماہرین ایک تاریخی واقعہ قرار دے رہے ہیں۔
اس فہرست میں سب سے زیادہ منافع "میٹا” کے مارک زکربرگ نے کمایا جن کی دولت میں 16.1 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جب کہ ایلون مسک اور جیف بیزوس بالترتیب 14.5 اور 14.3 ارب ڈالر کے اضافے کے ساتھ ان کے قریب پہنچ گئے۔ زیادہ تر فائدہ ٹیکنالوجی کمپنیوں سے وابستہ افراد کو ہوا، جن میں "ڈیل”، "انویڈیا”، "اوریکل” اور "الفابیٹ” کے ارب پتی شامل ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ تین ارب پتی ایسے بھی تھے جن کا تعلق ٹیک سیکٹر سے نہیں تھا: فرانس کے برنارڈ آرنو (7.1 ارب ڈالر اضافہ)، بھارت کے مکیش امبانی (4.42 ارب) اور گوتم اڈانی (5.31 ارب) نے بھی غیر معمولی منافع حاصل کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ صلح اور علاقائی استحکام نے بھی جنوبی ایشیائی مارکیٹس پر مثبت اثر ڈالا ہے۔



