کانپور ،7نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوپی کے کانپور میں مچھروں کے ذریعے پھیلنے والی بیماری’ زیکا وائرس‘ سے متاثرہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ اتوار کو چکیری کے علاقہ میں زیکا وائرس کے 10 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد 10 نئے مریض ملنے کے بعد اب تک متاثرین کی مجموعی تعداد 89 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت کی ٹیم علاقہ میں صفائی اور فوگنگ کر رہی ہے۔
ڈی ایم وشاس جی ایئر نے کہا کہ اب تک کل 89 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔انفیکشن سے متأثرین کی طبی نگرانی کے لیے کوروناایام میں استعمال کیے گئے کنٹرول روم سے زیکاوائرس کے مریضوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔صبح و شام فون پر ان کی طبی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
اکتوبر میں کانپور میں زیکا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد انفیکشن کے معاملات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔تمام معاملات ایئر فورس اسٹیشن سے 3-4 کلومیٹر کے دائرے میں سامنے آئے ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ وشاس جی ائیر نے کہا کہ اس انفیکشن کو روکنے کیلئے 6 رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے۔ ڈی ایم کے مطابق زیکا وائرس کے انفیکشن کا پہلا کیس 23 اکتوبر کو ہندوستانی فضائیہ کے ایک افسر میں پایا گیا تھا، اس کے بعد سے یہ تعداد بڑھ کر 89 ہو گئی ہے۔
اس سے پہلے ہفتہ کو اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ٹیم-9 کے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ کانپور میں زیکا وائرس کا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس معاملے میں خاص احتیاط کی ضرورت ہے۔



