
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)تمام چیلنجوں کے درمیان انسانیت ہی اس دنیا کو چلانے کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ پونے کی 11 ماہ کی بیمار بچی ویدیکا شنڈے کے علاج کے لئے جس طرح سے مدد کے ہاتھ بڑھائے گئے اس سے اس یقین کو تقویت ملی ہے۔فنڈ ریزنگ پلیٹ فارم ملاپ کی پہل پر دنیا بھر سے 1.34 لاکھ افراد نے اس بیمار بچی کے علاج کے لئے 14.3 کروڑ روپے کی امداد دی ہے۔ ملاپ نے پچھلے ایک سال کے دوران مختلف طبی ہنگامی حالات کے لئے 250 کروڑ روپے سے زیادہ چندہ اکٹھا کیا ہے۔
ویدیکا ایس ایم اے ٹائپ -1 میں مبتلا ہے، جو ایک غیر معمولی جینیاتی بیماری ہے۔ اس بیماری کی وجہ سے، دو سال کی عمر سے پہلے ہی بچے کی موت ہونے کا خطرہ ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ جین ریپلیسمنٹ تھیراپی سے اس بیماری کا علاج ممکن ہے، جس کی لاگت 16 کروڑ ہے۔ یہ لاگت دیکھ کر ویدیکا کے والدین نے ملاپ پلیٹ فارم پر دنیا کے ساتھ اپنی کہانی شیئر کرکے مدد کی درخواست کی۔ مارچ میں ویدیکا کے علاج کے لئے فنڈ اکٹھا کرنا شروع کیا گیا تھا۔
تین ماہ سے بھی کم عرصے میں اس پہل کے تحت 14.3 کروڑ روپے کی رقم اکٹھا کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی حکام نے ٹیکس اور چنگی میں بھی چھوٹ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ویدیکا کا علاج کر نے والے ڈاکٹروں نے امریکی دوا ساز کمپنی فارما لمیٹیڈسے دنیا کی مہنگی ترین دوا درآمد کرنے کے لئے بات کی ہے۔
ضرورت کے مطابق دوا تیار کرنے کے لئے ویدیکا کی جانچ کی جارہی ہے۔ توقع ہے کہ دو جولائی کو یہ دوا ہندوستان آئے گی اور ویدیکا 7 اور 10 جولائی کے درمیان علاج کراسکے گی۔اس پہل کے لئے ملاپ پلیٹ فارم پر تقریبا 50 امدادی مہم چلائی گئی تھی۔اس کی تائید سوشل میڈیا پر کئی مشہور شخصیات نے کی تھی، جن میں برکھا سنگھ ماسٹر شیف شپرا کھنہ اور انوپریہ کپور شامل ہیں۔ بالی ووڈ کے اداکار جان ابراہم نے بھی اپنے مداحوں سے مدد کی اپیل کی تھی۔
ملاپ کے شریک بانی اور صدر انوج وشوناتھن نے کہا کہ "ہمارے سامنے بہت بڑا چیلنج تھا اور اسے بہت ہی کم وقت میں حاصل کرنا تھا۔ پوری ٹیم نےکوشش کی”۔ مسٹر انوج نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ علاج کے بعد ویدیکا مکمل طور پر صحت یاب ہوجائے گی۔



