بڑودرہ،18؍اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) گجرات کے بڑودرہ شہر میں ایک معمولی سڑک حادثہ کی وجہ سے فرقہ وارانہ کشیدگی پھیل گئی کیونکہ فسادیوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا اور عبادت گاہوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ پولس نے پیر کو یہ جانکاری دی۔اتوار کی رات نصف شب اس واقعہ کے بعد سے پولیس نے اب تک ہنگامہ کرنے کے الزام میں 19 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔
کریلی باغ پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ شہر کے راؤ پورہ علاقے میں دو پہیہ گاڑیوں کے ایک معمولی حادثے کے بعد دو برادریوں کے لوگوں کے درمیان تصادم ہوا۔
پولیس افسر کے مطابق اس کے بعد معاملہ اتنا بڑھ گیا کہ راؤ پورہ سے متصل کریلی باغ علاقے میں دو برادریوں کے لوگ جمع ہو گئے اور ایک دوسرے پر پتھراؤ کرنا شروع کر دیا۔ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ہجوم نے سڑک کنارے مندر کی مورتی، دو آٹورکشا اور دو دو پہیہ گاڑیوں کو نقصان پہنچایا ۔
شہر کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس پننا مومایا نے کہاکہ پولیس نے علاقے میں پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار افراد کی تعداد 19 ہے۔علاقے میں بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔



