ڈیزل سیس میں اضافہ کے مثبت نتائج ، جون میں 7.43 کروڑ کی آمدنی
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)تلنگانہ میں آر ٹی سی کے ڈپوز آہستہ آہستہ آمدنی کی طرف لوٹ رہے ہیں ۔ تقریبا 8 سال بعد ریاست کے 19 ڈپوز کو آمدنی ہوئی ہے ۔ ریاست میں جملہ 97 ڈپوز ہیں ۔ تلنگانہ آر ٹی سی کو ماہانہ 100 کروڑ روپئے کے نقصانات ہیں ۔ ایسے میں 19 ڈپوز کی آمدنی اندھیرے میں روشنی کی کرن کی طرح نظر آرہی ہے ۔ جاریہ سال اپریل میں 4 ڈپوز مئی میں 8 ڈپوز نے آمدنی حاصل کی تھی ۔ جون میں آمدنی حاصل کرنے والے ڈپوز کی تعداد بڑھ کر 19 تک پہونچ گئی ہے ۔ جون میں ان ڈپوز کی جملہ آمدنی 7.43 کروڑ روپئے رہی ہے ۔
جون میں آر ٹی سی کے جملہ نقصانات 52.67 کروڑ ہوئے ہیں ۔ یعنی 40 کروڑ روپئے کے نقصانات گھٹ گئے ہیں ۔ جون 2014 میں ریاست کی تقسیم اور علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد تلنگانہ آر ٹی سی کو ہر ماہ 7.87 کروڑ روپئے کی آمدنی تھی۔ اعداد و شمار سے اس کا پتہ چلتا ہے ۔ تاہم مناسب نگرانی ، منصوبہ بندی نہ ہونے اور ایمپلائز کی تنخواہوں میں زبردست اضافہ ہونے عارضی ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد تلنگانہ آر ٹی سی نقصانات سے دوچار ہوگئی ہے ۔
ماہانہ 100 کروڑ روپئے کے نقصانات سے آر ٹی سی کے نقصانات 2 ہزار کروڑ تک پہونچ گئے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے دو تین مرتبہ آر ٹی سی کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نقصانات پر قابو نہ پانے پر آر ٹی سی کو خانگیانے کا انتباہ دیا جس کے بعد عہدیداروں کی انداز کارکردگی میں تبدیلی آئی اور آر ٹی سی کی آمدنی میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔



