
بھولے بابا کی خوشنودی کیلئے 2 درندوں نے 6 سالہ بچے کو بلی چڑھائی ،گرفتار
نئی دہلی ، 2اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اتوار کی صبح دو افراد نے جنوبی دہلی کے لودھی کالونی میں سی آر پی ایف ہیڈکوارٹر کی زیر تعمیر عمارت کے قریب ایک کچی بستی میں ایک 6 سالہ معصوم بچے کی گردن کاٹ کر بلی چڑھا دی ۔پولیس نے بتایا کہ دُرگا پوجا کی چھٹی رات کو دیوتا کو خوش کرنے کے لیے ملزم کی جانب سے بچے کی قربانی دی گئی تھی۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان نشے کے عادی ہیں۔ ایک ملزم نے دوسرے کو بتایا کہ اس نے خواب میں دیکھا ہے کہ بھولے بابا بچے کا سر قلم کرنے کو کہہ رہے ہیں۔
جنوبی دہلی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس چندن چودھری نے کہا کہ گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے درگا پوجا کے چھٹے دن بھولے بابا (دیوتا) کو خوش کرنے کے لیے بچے کی بلی دی تھی۔انہوں نے کہا کہ اتوار (2 اکتوبر) کو تقریباً 12.40 بجے مجھے سی آر پی ایف ہیڈکوارٹر کی زیر تعمیر عمارت کے سیکورٹی انچارج کی طرف سے کال موصول ہوئی کہ 6 سالہ بچے کا سر قلم کردیا گیا ہے۔دونوں ملزمان کو سائٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مقامی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، بعد میں مقتول کی شناخت اس مقام پر کام کرنے والے مزدوروں میں سے ایک کے بیٹے کے طور پر ہوئی۔
مقتول بچے کے والدین اتر پردیش کے بریلی کے رہنے والے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت بہار کے کٹیہار کے وجے کمار اور سہرسہ کے امر کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ دونوں اس جگہ پر سیمنٹ کٹر کے طور پر کام کرتے تھے اور باقاعدگی سے گانجا پیتے تھے۔ڈی سی پی نے مزید کہا کہ بچہ بھی ملزم کو جانتا تھا۔ چودھری نے مزید بتایا کہ ملزم اور بچے کے والدین کے درمیان کوئی دشمنی نہیں تھی، ہفتہ کی رات تقریباً 10.30 بجے جب بچہ اپنے شیڈ میں جا رہا تھا تو ملزمان نے اسے اپنے گھر کھانا کھلانے کے بہانے بلایا ، اس کے بعد انھوں نے بچے کو قتل کر دیا۔
دریں اثنا بچے کے والدین کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں ملزمان اکثر مزدوروں کو دیومالائی جھوٹے قصے سنایا کرتے تھے۔ بچے کے والدین کا کہنا تھا کہ مزدوروں میں سے کسی نے بھی ان کی بے ہودگی پر توجہ نہیں دی کیونکہ وہ ہر وقت گانجہ اور بھنگ کے نشے میں رہتے تھے۔فی الحال ایمس ٹراما سینٹر سے لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے جرائم میں ملوث اسلحے وغیرہ تحویل میں لے لیا ہے ۔



