
سلاٹ بکنگ کیلئے دقت ، بیرونی ممالک روانہ ہونے والوں کو مشکلات
تلنگانہ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) پاسپورٹ کے حصول کیلئے درخواست گذاروں کو سلاٹ بک کرانے کیلئے مہینوں انتظار کرنا پڑرہا ہے اور پاسپورٹ دستیاب ہونے کیلئے دو تا تین ماہ درکار ہورہے ہیں ۔ بیرونی ممالک کو روانہ ہونے کیلئے پاسپورٹ ضروری ہے ۔ کورونا بحران کے دوران وطن کو پہنچنے والے ملازمین ۔ بیرونی ممالک میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے روانہ ہونے والے طلبہ اپنے ارکان خاندان سے ملاقات کیلئے بیرونی ممالک روانہ ہونے والے عوام وقت پر پاسپورٹ کی عدم اجرائی سے کافی پریشان ہیں ۔
سیر و تفریح کیلئے بیرونی ممالک روانہ ہونے والوں کو ویزا دستیاب ہورہا ہے مگر پاسپورٹ کے حصول کیلئے سلاٹ بک نہیں ہورہا ہے ۔ پاسپورٹ آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کووڈ کے دوران تقریباً دیڑھ سال تک پاسپورٹس کیلئے زیادہ درخواستیں وصول نہیں ہوئیں اب حالات سازگار ہونے پر بڑے پیمانے پر درخواستیں وصول ہورہی ہیں جس کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے ۔
متحدہ آندھراپردیش میں پاسپورٹ حاصل کرنے کیلئے دو تا تین ماہ تک انتظار کرنا پڑتا تھا ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ہفتہ 10دن میں نیا پاسپورٹ گھر کے پتہ پر پہنچ رہا تھا ۔ تاہم اب دوبارہ پہلے جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ پاسپورٹ کے حصول کیلئے درخواست داخل کرنے پر سلاٹ کیلئے مہینوں انتظار کرنا پڑرہا ہے ۔ اب جنرل پاسپورٹ کیلئے درخواست داخل کرنے پر جولائی کے اوآخر یا اگست کے پہلے ہفتہ میں سلاٹ بک ہورہا ہے جس کی وجہ سے بیرونی ممالک کا سفر کرنے والوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔
اس کے علاوہ تتکال اسکیم اور رینول کوٹہ کے تحت پاسپورٹ کیلئے درخواست داخل کرنے پر ایک ماہ بعد سلاٹ دستیاب ہورہا ہے جس کی وجہ سے ویزا رکھنے کے باوجود ملازمتوں اور بزنس کیلئے بیرونی ممالک جانے والوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ ایمرجنسی کیلئے آئی پی ایس ، آئی اے ایس ، ارکان پارلیمنٹ ، وزراء اور دوسرے وی آئی پیز کی سفارشات پر محکمہ پولیس کے اسپیشل برانچ کی تحقیقات 2 یا 3 دن میں مکمل ہوتی ہے اور ہفتہ 10دن میں درخواست گذار کو پاسپورٹ دستیاب ہوجاتا تھا ۔ ابھی بھی ایس بی برانچ کی تحقیقات جلدی مکمل ہورہی ہے مگر پاسپورٹ سیوا مراکز میں عملہ کی کمی کی وجہ سے درخواستوں کے کلیرنس میں تاخیر ہورہی ہے ۔



