
بیلجیئم:(ایجنسیاں)بھارت سے بیلجیئم پہنچنے والے 20 طالبعلموں میں کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت نکل آیا۔اس واقعے کے بعد بیلجیئم کے وزیر برائے سیاسی پناہ سمیع مہدی نے کورونا کے حوالے سے فیصلے کرنے والی سرکاری مشاورتی کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کسی کورس یا انٹرن شپ میں شرکت کیلئے آنے والے غیر ملکی طلبہ پر عارضی طور پر پابندی عائد کردے۔ تفصیلات کے مطابق بیلجیئم کے لیوون اور آلسٹ کے علاقوں میں ایک نرسنگ کورس میں شرکت کیلئے بھارتی طلباء کا ایک گروپ جب بیلجئیم پہنچا تو یہاں ان کا کورونا ٹیسٹ دوبارہ لیا گیا۔
جس میں گروپ میں شامل تمام افراد کا کورونا ٹیسٹ نہ صرف مثبت آیا بلکہ یہ کورونا وائرس کی ایک نئی شکل تھی جسے ماہرین نے انڈین ویریئنٹ کا نام دیا ہے۔اس اطلاع کے سامنے آنے کے بعد بیلجئین وزیر داخلہ انیلیز ورلندن نے اس بات کا دوبارہ جائزہ لینا شروع کردیا ہے کہ کسطرح ملک میں داخل ہونے کے بعد ضروری اختیار کیے جانے والے قرنطینہ پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ کسی بھی ہائی رسک زون سے بیلجیئم میں داخل ہونے کے بعد نہ صرف لازمی کورونا ٹیسٹ کروانا پڑتا ہے بلکہ اس کے بعد کم از کم سات دن کا قرنطینہ بھی کرنا پڑتا ہے۔جس کے بعد ایک اور کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ بھی اگر منفی آئے تو پھر قانونی طور پر گھر سے باہر جانے کی اجازت ہوتی ہے۔



